شہر حیدرآباد کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے والا ایک اور سیاحتی مرکز ’ کیبل برج ‘ کا کام مکمل

,

   

تعمیرات پر 184 کروڑ روپئے کے مصارف ، رات میں برقی قمقموں سے جگمگاتا منظر ، برج کی دونوں جانب پانی کے فوارے
چلڈرن پلے ایریا ، اوپن جم ، بوٹنگ ۔ چیف منسٹر کے سی آر ایک ہفتہ میں کریں گے افتتاح
حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد میں درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج کی تعمیرات تقریباً مکمل ہوگئی ایک ہفتہ 10 دن میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اس کے افتتاح کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ شہر حیدرآباد کی خوبصورت جھیل حسین ساگر کے بعد اب درگم چیرو ایک سیاحتی مرکز کی طرز پر ترقی دینے کے تمام اقدامات کیے گئے ہیں ۔ اس پر 184 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ یہ کیبل برج رات میں برقی قمقموں میں جگماتا ہوا سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرنے میں اہم رول ادا کرے گا ۔ بین الاقوامی طرز کی بوٹنگ اور ریسٹورنٹ قائم کرنے کے لیے محکمہ سیاحت اقدامات کا آغاز کرچکا ہے ۔ جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 سے آئی ٹی کاریڈار کو کیبل برج سے مربوط کیا گیا ہے ۔ یہ برج 6 لائن پر مشتمل ہے ۔ پیدل چلنے اور سائیکلنگ کیلئے خصوصی ٹریک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ برج پر خصوصی لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ رات کے موقع پر ہمہ اقسام کی لائٹنگ متاثر کن ثابت ہوگی ۔ کیبل برج کے دونوں اطراف واٹر فاونٹین لگائے جائیں گے ۔ اس کیبل برج کے افتتاح کے لیے جی ایچ ایم سی ، محکمہ آبپاشی ، ایچ ایم ڈی اے اور محکمہ سیاحت کے عہدیدار مشترکہ طور پر تیاریاں کررہے ہیں ۔ صبح اور شام میں ٹریفک کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کے دوران جوبلی ہلز تا مادھا پور کو جانے کے لیے 30 تا 40 منٹ درکار ہوتے ہیں ۔ اس کیبل برج کی تعمیر کے بعد روڈ نمبر 45 سے آئی ٹی کاریڈار اِن آربٹ مال کا سفر صرف 10 منٹ میں طئے ہوجائے گا ۔ باوقار کیبل برج کے لحاظ سے درگم چیرو کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کیلئے ریحاجہ گروپ نے سی سی آر فنڈز کے تحت 40 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ تالاب کے اطراف 4.5 کیلو میٹر تک واکنگ ، سائیکلنگ ٹریک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ تحفظ کے لیے اننر سائیڈ سیفٹی ریلنگ لگائی گئی ہے ۔ ٹریک کے ساتھ پلانٹیشن اور الکٹریکل لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ چلڈرن پلے ایریا کے ساتھ اوپن جم ، 2 انٹرنس پلازا کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔ برج کے نچلے حصہ سے این سی سی بلڈنگ کے پاس موجود انٹرنس پلازا تک خالی اراضی پر ورٹیکل لینڈ اسپکنگ اور پلانٹیشن کی گئی ہے ۔ کیبل برج کے افتتاح تک تمام کام مکمل ہوجائیں گے ۔۔