شہر حیدرآباد کی عظمت رفتہ کی بحالی

   

تاریخی خوبصورت شہر میں ڈبل ڈیکر بسس چلانے عنقریب فیصلہ
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر جلد ہی ڈبل ڈیکر بسیں دوڑیں گی۔ وزیربلدی نظم ونسق کے تارک راما راو کی اس خصوص میں وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار سے کی گئی خواہش کے بعد سروے کیا گیا۔ عہدیداروں نے ان ڈبل ڈیکربسوں کو چلانے کے لئے شہر حیدرآباد کی پانچ روٹس کی ابتدا میں نشاندہی کی۔ان روٹس پر ابتدا میں سمجھاجاتا ہے کہ دس ڈبل ڈیکربسوں کو چلایاجائے گا تاہم اس سلسلہ میں جاریہ ماہ کے اواخر میں تصویرواضح ہوجانے کا امکان ہے ۔شہر میں فلائی اوورس،میٹرو ریل کے روٹس کی تعمیر کے نتیجہ میں ڈبل ڈیکربسوں کو ان روٹس پر گھمانا مشکل ہوگا۔صرف ایسے راستوں پر ہی ان کو پیچھے لیا جاسکتا ہے جہاں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔اسی لئے ایسی روٹس کا انتخاب کیاجارہا ہے جہاں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔شہر حیدرآباد میں سال 2004تک بھی ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جاتی رہیں۔ یہ بسیں مہدی پٹنم۔ سکندرآباد ، مہدی پٹنم۔چارمینار،سکندرآباد۔چارمینار اور سکندرآباد۔زوپارک چلائی جاتی رہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ عہدیدار شہرسے پٹن چیرو تک یہ ڈبل ڈیکر بسیں چلانے پر غور کررہے ہیں۔سکندرآباد،کوٹھی سے پٹن چیرو تک معمول کی بسیں مسافرین کی بہتر تعداد کے ساتھ چلائی جارہی ہیں۔ان روٹس پر ڈبل ڈیکر بسوں کو آسانی کے ساتھ موڑاجاسکتا ہے ۔پرانا شہر حیدرآباد سے مہدی پٹنم اور پھر وہاں سے جیڈی مٹلہ تک بہتر طور پر ڈبل ڈیکر بسوں کو موڑا جاسکتا ہے ۔دُرگم چیرو تک بھی یہ بسیں چلائی جاسکتی ہیں۔جلد ہی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار،تلنگانہ آرٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر سنیل شرما کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حتمی فیصلہ لیں گے اور توقع ہے کہ عنقریب نئی ڈبل ڈیکر بسوں کی تیاری کا آرڈر دیاجائے گا۔