11 انڈسٹریل پارکس کو آئی ٹی پارکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ، عنقریب کومپلی میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا
حیدرآباد۔ریاستی حکومت حیدرآباد کے آئی ٹی برانڈ کو مزید فروغ دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ شہر کے شمالی حصہ تک محدود آئی ٹی سرگرمیوں کو مشرق، مغرب اور جنوب کے باقی حصوں میں توسیع دینے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ فی الحال مادھاپور، کنڈا پور، گچی باؤلی، نانک رام گوڑہ میں موجود آئی ٹی فینانشیل ڈسٹرکٹ ہب کیلئے مشرق، شمال اور جنوبی سے لاکھوںافراد گاڑیوں میں پہنچ رہے ہیں جس کے نتیجہ میں سڑکوں پر ٹریفک میں اضافہ ہونے کے ساتھ آلودگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ گرڈ (گروتھ ان ڈسپریشن ) پالیسی سے شہر حیدرآباد کے چاروں سمت آئی ٹی شعبہ ترقی پانے کے قوی امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس سلسلہ میں مغربی علاقہ میں موجود انڈسٹریل پارکس کو آئی ٹی پارکس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر کے مغربی علاقہ میں موجود انڈسٹریل پارکس کو آئی ٹی پارکس میں تبدیل کرنے سے آئی ٹی فینانشیل ڈسٹرکٹ پر دباؤ کم ہوگا۔ یکم مارچ 2013 کو انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ نے جی او نمبر 20 جاری کرتے ہوئے اسٹرانگ روڈ کے اندرونی حصوں میں موجود آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو اوٹر رنگ روڈ کے باہر منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی جس کی وجہ سے کوکٹ پلی، گاندھی نگر، بالا نگر، ملا پور، مولا علی، صنعت نگر میں موجود انڈسٹریل پارکس کو اپل، ناچارم، پٹن چیرو، کاٹے دھن کے صنعتی شعبوں کے علاوہ رامچندرا پورم ، کے اے آئی ای علاقوں میں آئی ٹی پارکس کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی معیار کے مطابق آئی ٹی پارکس کو فروع دینے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ جدید سہولیات، گرین ایریا، پیدل چلنے والے راستے، سائیکلنگ کے لین، پارکنگ ایریا، پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم اور سوشیل انفراسٹرکچر تیار کیا جائے گا۔ اگر اس منصوبہ میں کوئی اپنی اراضیات سے محروم ہوتا ہے تو حکومت اس کا معاوضہ ادا کرے گی یا ٹی ڈی آر دے گی۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر بہت جلد شمالی حصہ کومپلی میں ہائی ٹیک سٹی کے سائبر ٹاور کے طرز پر آئی ٹی ٹاور کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ساتھ ہی کولور یا عثمان ساگر میں ایک آئی ٹی پارک قائم کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں کومپلی، اپل، پوچارم، ناچارم، کولور، عثمان ساگر، کاٹے دھن، شمس آباد کے صنعتی علاقوں میں آئی ٹی پارکس کو فروغ دیا جائے گا۔ مغربی علاقہ کے سوائے حیدرآباد میٹرو پولٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) گریڈ کے رہمنایانہ خطوط کا تمام علاقوں پر اطلاق ہوگا۔ یہ رہنمایانہ خطوط گچی باؤلی، کوکا پیٹ، مادھا پور، رائے درگم، پاپلاگوڑ، خواجہ گوڑہ، نارسنگی، نانک رام گوڑہ، کونڈا پور، خانہ میٹ، گٹلہ بیگم پیٹ، منی کنڈہ، تالہ گنڈلہ ، گوپن پلی میں اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ مراعات و ترغیبات سے ترقیافتہ اور ترقی پذیر علاقوں کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔ یونٹ ترغیبات میں ہر سال 10 لاکھ روپئے سے زیادہ نہ ہونے والے یونٹس کو پانچ سال کی مدت 30 فیصد کرایہ پر سبسیڈی دی جائے گی جو لوگ 5 لاکھ روپئے یونٹ سے تجاوز نہیں کرتے انہیں تین سال کی مدت کیلئے کرایہ پر 25 فیصد سبسیڈی دی جائے گی۔
