شہر حیدرآباد کے ہاسٹلس کو بند کرنے کی نوٹس

   

حیدرآباد۔ 18مارچ (یو این آئی) کرونا وائرس کے خوف کے نتیجہ میں گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)نے شہر حیدرآباد کے ہاسٹلس کو بند کرنے کی نوٹس جاری کی ہے ۔احتیاطی اقدام کے طور پر یہ قدم اٹھاتے ہوئے ہاسٹلس کو فوری طورپر بند کرنے کی نوٹس جاری کی ہے ۔شہر کے ایس آرنگر،امیرپیٹ علاقوں میں تقریبا 500ہاسٹلس ہیں جن میں دونوں تلگوریاستوں کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف علاقوں کے افراد ملازمت، تعلیم اور دیگر مقاصد کے لئے حیدرآباد آکر مقیم ہیں۔ کئی لیڈیز اور جینٹس ہاسٹلس ہیں۔جی ایچ ایم سی نے 31مارچ تک ان ہاسٹلس کو بند رکھنے کی نوٹس جاری کی ہے ۔اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور کمشنر جی ایچ ایم سی کے احکام کے مطابق ان ہاسٹلس کو بند رکھاجارہا ہے ۔اس سلسلہ میں تعاون کیاجائے ۔یہ قدم صرف سلامتی کے لئے ہی اٹھایاجارہا ہے ۔اس نوٹس پر طلبہ اور دیگر جو اس ہاسٹلس میں ہیں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ فوری طورپر وہ کہاں جائیں گے؟ اس سلسلہ میں ایک مرتبہ غور کرتے ہوئے فیصلہ کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ اس سلسلہ میں متبادل انتظامات کے بارے میں وضاحت کی جائے کیونکہ کئی کمپنیوں نے اپنے گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت ملازمین کو دی ہے ۔چونکہ ان کا تعلق حیدرآباد سے نہیں ہے ،اسی لئے وہ اپنے ہاسٹلس سے ہی کمپنی کا کام کررہے ہیں۔ایسے میں اس طرح کی نوٹس سے ان کو ہاسٹل خالی کرنا پڑے گا۔وہ کہاں جائیں گے ؟