شہر سدی پیٹ کو خوبصورت و دلکش بنانے کے کئی اقدامات

   

Ferty9 Clinic

اقبال مینار کی تزئین نو کرکے ملٹی کلر برقی قمقموں سے منور کیا گیا: وزیر ہریش راؤ

سدی پیٹ ۔ /19 مئی ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ شہر کو خوبصورت و دلکش بنانے کے لئے وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ ہر طرح کے اقدامات کررہے ہیں۔ چنانچہ شہر کے ہر چوراہا کو دلکش بنانے اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے تعمیری اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ 1992 میں وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو کہ سدی پیٹ کے رکن اسمبلی بھی تھے مسلمانوں سے اپنی دوستی کا عملی ثبوت دیتے ہوئے اقبال مینار تعمیر کروایا اس خصوص میں بانی ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عابد علی خاں صاحب مرحوم کی کوششوں کو بڑا دخل رہا اور انہیں کے ہاتھوں 5 مارچ 1992 کو اس کی نقاب کشائی عمل میں آئی تھی اور اب 28 سال بعد وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے اقبال مینار کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کرتے ہوئے کافی پرکشش بنانے کے لئے ملٹی کلر برقی قمقموں سے آراستہ کرتے ہوئے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا۔ اس کام کے لئے سدی پیٹ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی سدھا سے 10 لاکھ روپئے کا فنڈ حاصل کیا گیا۔ اس فاؤنٹین آبشار کو دیکھنے کے لئے کافی دور دور سے لوگ آرہے ہیں اور اس کی خوبصورتی کے کافی چرچے کررہے ہیں۔ سیلفی لیتے ہوئے ایک دوسرے کو ویڈیوز شیئر کررہے ہیں۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ اسی طرز پر مستاآباد چوراہا پر 8 لاکھ لاگت سے اور اسی طرح جگجیون رام سرکل پر 20 لاکھ روپیوں کی لاگت سے ترقی دی ہے۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ ایسے کارنامے انجام دے رہے ہیں جو کہ مثالی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک یادگار بھی بن رہے ہیں۔ اسی طرح کے اقدامات کرتے ہوئے مسٹر ہریش راؤ سدی پیٹ کی تاریخ میں ایک مثالی قائد کی حیثیت سے اُبھر رہے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کے سی آر کے ساتھ ساتھ ہریش راؤ نے بھی سدی پیٹ کی ترقی میں روز اول سے ہی کام کیا ہے۔ سدی پیٹ کی ترقی میں مسٹر ہریش راؤ کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔