شہر سے تعلق رکھنے والے ایڈوکیٹ پی ایس نرسمہا سپریم کورٹ کے متوقع جج

   

حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سینئر سپریم کورٹ ایڈوکیٹ پی ایس نرسمہا بہت جلد سپریم کورٹ جج کے عہدہ پر فائز ہوجائیں گے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف انڈیا این وی رمنا کی قیادت میں کالجیم نے سپریم کورٹ کے جج کیلئے جن ناموں کی سفارش کی ہے ان میں پی ایس نرسمہا واحد ایڈوکیٹ ہیں جبکہ دیگر مختلف ہائی کورٹس کے ججس ہیں۔ 3 مئی 1963 کو پی ایس نرسمہا کا جنم حیدرآباد میں ہوا۔1988 میں ایل ایل بی کی تکمیل کے بعد انہوں نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں پریکٹس شروع کی۔ ان کے والد جسٹس کودنڈا رامیا ہائی کورٹ جج اور قانون کے ماہر تھے۔ پی ایس نرسمہا نے کچھ عرصہ بعد دہلی منتقل ہوکر سپریم کورٹ میں پریکٹس شروع کی۔ 2008 میں وہ سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ بنائے گئے اور 2014 میں این ڈی اے حکومت نے نرسمہا کو ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے عہدہ پر فائز کیا تھا۔2018 تک وہ اس عہدہ پر برقرار رہے۔ انہوں نے کئی اہم کیسس کی یکسوئی میں سپریم کورٹ کی مدد کی۔ مرکزی حکومت کی کئی اہم کیسس میں نرسمہا نے کامیاب نمائندگی کی جن میں رام جنم بھومی کیس شامل ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وہ سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ اکٹوبر 2027 میں وہ 7 ماہ کے مختصر عرصہ کیلئے چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ پر فائز ہوسکتے ہیں۔ نرسمہا کی میعاد مئی 2028 کو ختم ہوگی۔R