بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست، انتخابی مہم سے صدر پردیش کانگریس کا خطاب
حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ شہری علاقوں اور بلدیات کی ترقی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے
لہذا عوام کو مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو کامیاب کرنا چاہئے۔ مہیش کمار گوڑ آج نظام آباد اربن کے مختلف بلدی وارڈس میں کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی دو سالہ کارکردگی پارٹی کے بہتر مظاہرہ کی ضمانت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون سے کانگریس کے کارپوریٹرس اپنے اپنے علاقوں کی ترقی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ گزشتہ بلدیہ میں جس پارٹی نے عوام کے ووٹ حاصل کرتے ہوئے ترقی کو نظرانداز کیا انہیں مناسب سبق سکھایا جائے۔ صدر پردیش کانگریس نے خواتین کے لئے حکومت کی مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کے علاوہ سیلف ہیلپ گروپس کو 20 ہزار کروڑ بلاسودی قرض کی اجرائی ریونت ریڈی حکومت کا کارنامہ ہے۔ نریندر مودی کی ریاست گجرات میں بھی غریبوں کو راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہی کا کوئی نظم نہیں ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظام آباد کی ترقی کے لئے 2000 کروڑ کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کا شکار نہ ہوں اور فرقہ پرست طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ 1