شہر میںاندراماں کینٹین سے 5 روپئے میں ناشتہ کی اسکیم

   

جلد شروعات کا امکان ۔ بلدیہ سالانہ 15 کروڑ سے زائد کا خرچ برداشت کرے گی
حیدرآباد۔10جولائی (سیاست نیوز) شہر میں ’اندراماں‘ کینٹین کے ذریعہ شہریوں کو 5روپئے میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے بعد اب 5روپئے میں ناشتہ اسکیم شروع کرنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے ہرے راما ہرے کرشنا مشن کے تعاون سے اس اسکیم پر عمل کی صورت میں جی ایچ ایم سی پر سالانہ 15 کروڑ 33 لاکھ کا خرچ آئے گا۔تفصیلات کے مطابق اس اسکیم پر عمل کا جلد آغاز کیا جائے گا اور ناشتہ میں اڈلی ‘ وڑا‘ اپما ‘ پوری و دیگر اشیاء کی فراہمی عمل میں لائی جائیگی۔شہر میں موجود 150 اندراماں کینٹین میں اس اسکیم کے اخراجات پر کہا جا رہاہے کہ 19 روپئے میں تیار ہونے والے ناشتہ کیلئے جی ایچ ایم سی سے 14 روپئے ادا کئے جائیں گے جبکہ 5روپئے استفادہ کنندہ سے وصول کئے جائیں گے ۔ اندراماں کینٹین کی تعمیر اور تزئین کے طور پر 60 مراکز کی نشاندہی کی گئی جو کہ 10/40 کے ہوں گے جبکہ 79 مراکز 10/20 کے تیار کئے جائیں گے ان مراکز کیلئے 11 کروڑ 29 لاکھ خرچ کئے جائیں گے جبکہ 13.75 لاکھ کے خرچ سے مزید 11 اندراماں کینٹین قائم کئے جائیں گے۔ بلدیہ حیدرآباد کے اس منصوبہ پر عمل کو یقینی بنانے 3کروڑ روپئے جاریہ ماہ کے اواخر جاری کئے جانے کا امکان ہے جبکہ اگسٹ کے پہلے ہفتہ میں مزید 4 کروڑ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔علاوہ ازیں 4.43 کروڑ آئندہ ماہ کے اواخر میں جاری کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔شہریوں کیلئے ناشتہ کی اسکیم پر کہا جا رہاہے کہ دوپہر کے کھانے کی اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیاکہ ناشتہ کی سہولت بھی شہریوں کو فراہم کی جائے ۔ دوپہر کے کھانے سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد مجموعی اعتبار سے 30 ہزار تک پہنچ چکی ہے اور 5روپئے میں جو کھانا فراہم کیا جا رہا ہے اس کیلئے جی ایچ ایم سی 22 روپئے 50 پیسے سبسیڈی ادا کرتی ہے اور 5 روپئے استفادہ کنندہ سے وصول کئے جاتے ہیں ۔ ناشتہ کی اسکیم کے اوقات کار صبح 7تا10 بجے ہوں گے۔3