ترقی کے ماسٹر پلان میں تبدیلی کی سفارش، میئر اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/2 مئی ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں کی تعمیر کے کام میں تیزی پیدا کریں۔ انہوں نے آج بدھا بھون میں میئر حیدرآباد بی رام موہن، پرنسپال سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی ڈی ایس لوکیش کمار اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ شہر میں سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تعمیری کام پر توجہ مرکوز کی جائے اور معیار کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو لاک ڈاؤن کے سبب ملنے والے اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد کو ٹریفک فری شہر میں تبدیل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سڑکوں کی توسیع کے ذریعہ ٹریفک جام کے مسئلہ سے نمٹا جائے گا اور ان کاموں کی تکمیل کے بعد حیدرآباد ٹریفک جام سے پاک شہر بن جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لنک روڈس کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضیات کے حصول پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر اور اراضی کے حصول کے سلسلہ میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں کیلئے لاک ڈاؤن بہترین موقع ہے کیونکہ ٹریفک اور عوام کی آمدورفت کا کوئی مسئلہ نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ جون سے بارش کا آغاز ہوسکتا ہے لہذا تعمیری کام جون تک مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی ملک بھرمیں ستائش کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ جاریہ ماہ شہر میں بعض ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے سلسلہ میں غریبوں اور مزدوروں کے ساتھ انسانی ہمدردی کا رویہ اختیار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو کام فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لنک اور سرویس روڈز کی تعمیر کے سلسلہ میں ایچ ایم ڈی اے اور دیگر محکمہ جات سے بہتر تال میل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضرورتوں اور بڑھتی ٹریفک کے پیش نظر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ آئندہ کئی برسوں تک مزید سڑکوں کی تعمیر کی ضرورت نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی سے متعلق ماسٹر پلان کو موجودہ ضرورتوں کے مطابق ترمیم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے انڈر پاس ، ریلوے اوور برج کے علاوہ مزید نئے ترقیاتی پراجکٹس کے آغاز کی ضرورت ہے۔ جائزہ اجلاس میں سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی، سی سی پی دیویندر ریڈی، چیف انجینئر ضیاء الدین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔