شہر میںسیلاب کے ہزاروں متاثرین حکومت کی امداد سے محروم

   

Ferty9 Clinic


بلدیہ دفتر کے روبرو دھرنے کا اعلان، نامپلی حلقہ کے متاثرین کی فہرست کمشنر کو پیش
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے حیدرآباد میں سیلاب کے متاثرین کو حکومت کی امداد کی فراہمی کیلئے احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں نے بتایا کہ حیدرآباد میں ایک لاکھ سے زائد متاثرین حکومت کی امداد سے محروم ہیں۔ یہ وہ حقیقی متاثرین ہیں جنہوں نے می سیوا مراکز پر آن لائین درخواستیں داخل کی تھیں لیکن حکومت نے نئے طریقہ کار کا اعلان کرتے ہوئے انہیں امداد سے محروم کردیا ۔ راشد خاں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر متاثرین نے می سیوا مراکز پر گھنٹوں قطار میں ٹھہر کر درخواستیں آن لائین کی تھیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بلدیہ کی انتخابی مہم میں اعلان کیا تھا کہ 7 ڈسمبر سے امدادی رقم کی تقسیم شروع کی جائے گی لیکن آج تک یہ ایک وعدہ پورا نہیں ہوا۔ حکومت نے می سیوا مراکز کے بجائے نئی پالیسی کا اعلان کردیا جس کے تحت عہدیدار متاثرین سے ان کے گھر پر ملاقات کریں گے ۔ راشد خاں نے کہا کہ ابھی تک عہدیداروں کی ٹیمیں متاثرین کے پاس نہیں پہنچی ہیں۔ نامپلی اسمبلی حلقہ میں کئی ہزار متاثرین امداد کے منتظر ہیں۔ کمشنر بلدیہ نے امداد کا بھروسہ دلایا تھا لیکن انتخابی مہم کا بہانہ بناکر تقسیم عمل میں نہیں آئی ۔ راشد خاں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیلاب کے متاثرین کے ساتھ بلدیہ کے دفتر پر دھرنا منظم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین نے فیروز خاں کی قیادت میں کمشنر بلدیہ کو 11 ہزار سے زائد متاثرین کی فہرست حوالے کی ہے۔ کانگریس ہر متاثرہ خاندان کو امداد کی اجرائی تک خاموش نہیں رہے گی۔