شہر میںموسمی وباؤں میں تشویشناک اضافہ

   

صفائی کی صورتحال ابتر، ایک ہفتہ کے دوران 45 افراد ڈینگو سے متاثر

حیدرآباد۔18اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں ان امراض کے تدارک کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ضلع انتظامیہ کو فوری حرکت میں آنے کی ضرورت ہے کیونکہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 45سے زائد ڈینگو کے مثبت مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جو کہ مختلف سرکاری دواخانوں میں زیر علاج ہیں اس کے علاوہ خانگی دواخانو ںمیں زیر علاج ڈینگو کے مریضوں کی تعداد کا کوئی علم ابھی تک نہیں ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ شہر کے بیشتر خانگی دواخانوں میں ڈینگو کے مریضوں کا علاج جاری ہے اور اس سلسلہ میں ضلع میڈیکل آفیسر کو دواخانوں کی جانب سے مطلع کیا جا رہاہے ۔ شہر میں ڈینگو کے علاوہ دیگر وبائی امراض کے مریضوں کی بھی بڑی تعداد ریکارڈ کی جا رہی ہے اورکہا جا رہاہے کہ خانگی دواخانوں میں روزانہ کے اساس پر تشخیص کے سبب ان کا ریکارڈ موجود نہیں ہے کیونکہ وہ دواخانہ میں زیر علاج رہنے کے بجائے گھروں میں رہتے ہوئے علاج کروانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ڈاکٹر س کا ماننا ہے کہ موسمی تبدیلی کے علاوہ پانی اور کچہرے کے سبب یہ بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں اور حکومت کو اس مسئلہ پر فوری توجہ مبذول کرتے ہوئے صفائی کے بہتر انتظامات کے ساتھ ساتھ سرکاری دواخانوں میں علاج کی خصوصی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر کچرے کے انبار کے ساتھ پانی جمع ہونے کے سبب مچھروں کی افزائش ہونے لگی ہے اور مچھر ان وبائی امراض کو ایک مریض سے دوسرے مریض تک لے جانے کا اہم ذریعہ بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر س کا کہناہے کہ وبائی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے شہریوں کو مچھروں سے پاک ماحول کی فراہمی کے علاوہ انہیں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت ہے ۔