شہر میں آئندہ تین دن تک ہلکی تا اوسط بارش کا امکان

,

   

اضلاع میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی ۔ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ

حیدرآباد۔ جنوب مغربی مانسون ریاست میںسرگرم ہے اور حیدرآباد میںماہ ستمبر میں بھی اضافی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہر کے کئی علاقوں میں اوسط بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ حالانکہ بارش ہلکی اور اوسط تھی لیکن یہ شہر کے بیشتر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے جاری رہی ۔ صبح کے وقت بھی بارش ہوئی اور شام تک بارش میں قدرے تیزی بھی آگئی تھی ۔ شام پانچ بجے تک حیات نگر میں سب سے زیادہ 61.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سرور نگر میں 59.5 ملی میٹر ‘ ناگول میں 59 ملی میٹر ‘ لنگوجی گوڑہ میں 57.7 ملی میٹر اور ونستھلی پورم میں 51.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی نے یہ بات بتائی ۔ کاپرا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 49.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پیش قیاسی کی گئی ہے کہ حیدرآباد میں آئندہ تین دن تک وقفہ وقفہ سے ہلکی سے اوسط بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ گرج چمک اور ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی اندیشہ ہے ۔ ریاست میں سب سے زیادہ بارش 86.5 ملی میٹر مڈگول ( قریب ضلع رنگا ریڈی ) میں ریکارڈ کی گئی جبکہ اعظم ترین درجہ حرارت 37.7 ڈگری سلسئیس پیداپلی میں منتھنی کے مقام پر ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب شمال مشرقی خلیج بنگال میں ہوا کے دباو میں کمی کی وجہ سے موسمی تغیر ہو رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ تلنگانہ میںکچھ مقامات پر گرج چمک اور بجلیوں کا بھی امکان ہے ۔ کئی اضلاع بشمول عادل آباد ‘ کریمنگر ‘ ملگ ‘ ورنگل اربن اور ورنگل رورل میں شدید ترین بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگا اور درخت اور الیکٹرک پولس گرسکتے ہیں جس سے عام زندگی متاثر ہوسکتی ہے۔ ذخائر آب اور تالابوں کے لبریز ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگا اور لو بریجس اور دیگر راستوں میں دشواریاں پیدا ہوں گی۔