شہر میں آئندہ چار دن ہلکی تا اوسط بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد 2 جولائی ( سیاست نیوز ) ہفتے کو شہر میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ شہر میں آئندہ چار دن کے دوران ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ نے پیش قیاسی کی کہ 6 جولائی تک شہر میں عام طور پر مطلع ابر آلود رہے گا اور ایک یا دو مواقع پر بارش یا گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مانسون کی آمد کے بعد سے جنوب مغربی مانسون قدرے کمزور رہا ہے جس کی وجہ سے بارش کم ہوئی ہے ۔ شہر میں اب تک جملہ 84.6 ملیمیٹر بارش ہوئی ہے جبکہ اوسط بارش 109.2 ملی میٹر بارش ہونی تھی ۔ تاہم حیدرآباد میں امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں بارش ہوسکتی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے زرد الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے ۔ یہ الرٹ اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب بارش 7.5 ملی میٹر سے 15 ملی میٹر تک ہوتی ہے ۔ آج صبح مطلع ابر آلود رہنے کے باوجود شہر میں رطوبت 84 فیصد درج کی گئی جو معمول سے زیادہ ہے ۔ محکمہ نے کہا ہے کہ عادل آباد ‘ کمارم بھیم آصف آباد ‘ منچریال ‘ کریمنگر ‘ پیدا پلی ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ ملگ اور کتہ گوڑم اضلاع میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے ۔