شہر میں آئندہ ہفتہ بھر ہلکی تا اوسط بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد 14 جنوری ( سیاست نیوز ) جمعرات کو اوسط بارش اور جمعہ کو شہر کے کچھ حصوں میں بوندا باندی کے بعد محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ ایک ہفتے تک ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملکاجگری میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ بارش کے نتیجہ میں شرہ میں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور جمعہ کی صبح درجہ حرارت 19.9 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب حیدرآباد میں امکان ہے کہ آئندہ ہفتہ بھر ہلکی سے اوسط بارش جاری رہے گی ۔ مطلع عام طور پر ابر آلود رہے گا ۔ ہلکی ہوائیں بھی چلیں گی ۔ امکان ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوگی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے بموجب شہر کے جنوبی اور مشرقی حصوں بشمول کاپرا ‘ سکندرآباد ‘ اپل ‘ حیات نگر ‘ راجندر نگر اور ملکاجگری وغیرہ میں ہفتے اور اتوار کو اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ اقل ترین درجہ حرارت 20 ڈگری اور اعظم ترین 29 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ ملک کے مغربی حصوں میں موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے موسم سرما میں تلنگانہ میں غیر موسمی بارش گذشتہ چند دنوں میں ہوئی ہے ۔ ریاست کے کئی اضلاع بشمول منچریال ‘ نرمل ‘ بھونگیر ‘ کھمم اور عادل آباد میں جمعہ کو 33.5 ملی میٹر تک بارش ہوئی ۔ ضلع پیدا پلی کے ملیالا پلی میں39.3 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بھی ہفتے اور اتوار کو ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے ۔ ریاست میں سب سے اقل ترین درجہ حرارت سنگاریڈی میں 12.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ نارائن پیٹ میں 14.5 ڈگری اور وقار آباد میں 15.1 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد میں راجندر نگر میں18.6 ڈگری ‘ سیری لنگم پلی میں 19.2 ڈگری اور حیات نگر و قطب اللہ پور میںمیں19.7 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔