حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے شہریوں کو جمعرات 26 ڈسمبر کو جزوی سورج گہن کے مشاہدہ کا موقع ملے گا۔ سورج کا 66فیصد حصہ چاند کی آڑ کے سبب زمین سے دکھائی نہیں دے گا۔ سورج گہن ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا اور دوپہر 12:30 بجے اختتام پذیر ہوگا۔ گہن کا اعظم ترین مرحلہ 10 بجکر 47 منٹ پر وقوع پذیر ہوگا۔ ماہرین فلکیات نے عوام الناس کو تاکید کی ہے کہ سورج گہن کے مشاہدہ کیلئے خصوصی عینک کا استعمال کریں۔ سولار فلٹرس بھی استعمال کئے جاسکتے ہیںاور اس موقع پر بچوں پر خصوصی نگرانی رکھنی چاہیئے۔ برلا سائنس پلانیٹیریم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر بی جی سدھارتھ نے مشورہ دیا کہ سورج کو ایسے موقع پر راست طور پر ہرگز نہیں دیکھنا چاہیئے اور نہ ہی ریگولر سن گلاس کا استعمال کرنا چاہیئے۔یہاںبرلا سائینس سنٹر پر مختلف مقامات سے سائینسدانوں کی آمد ہورہی ہے۔