شہر میں آج لوک منتھن کا انعقاد ‘ صدر جمہوریہ دانشوروں سے خطاب کریں گی

   

سامراجی دور کی ذہنیت کو تبدیل کرنے اور مختلف طبقات میں امتیاز کو ختم کرنے کی کوشش

حیدرآباد 21 نومبر ( سیاست نیوز ) صدر جمہوریہ شریمتی دوپدی مرمو لوک منتھن 2024 میں جو حیدرآباد میں شلپا کلاویدیکا میں منعقد ہو رہا ہے دانشوروں سے خطاب کریں گی ۔ صدر جمہوریہ ہند اس منتھن میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہونچ چکی ہیں جہاںائرپورٹ پر ریاستی گورنر جشنو دیو ورما ‘ چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے ان کا استقبال کیا ۔ صدر جمہوریہ ہند 22 نومبر جمعہ کو دانشوروں سے خطاب کریں گی ۔ مسٹر چندر کانت شرما نے یہ بات بتائی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے لوک منتھن کے تعلق سے تفصیل بتائی اور کہا کہ لوک کا مطلب عوام سے ہے اور ہم منتھن کے ذریعہ عوام کی آواز کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔ یہ چوتھا ایڈیشن ہے۔ اس سے قبل لوک منتھن بھوپال ‘ گوہاٹی اور رانچی میں بھی منعقد کیا گیا تھا ۔ اب یہ حیدرآباد کے شلپا کلا ویدیکا میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر ہندوستان کے آرٹس اور کلچرل رقص ‘ ثقافتی غذا ‘ میڈیکل سسٹم بشمول آیوروید اور یونانی طب کو بھی اجاگر کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے عوام میں کئی الجھنیں پائی جاتی ہیں اور کچھ لوگ اب بھی سامراجی دور کی ذہنیت کا شکار ہیں۔ شمالی ریاستوں اور جنوبی ریاستوں اور دیہی و شہری عوام کے درمیان جو فرق کیا جاتا ہے وہ انتہائی افسوس کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ایام میں جب سفید فام باشندوں کے علاقے کو تہذیب یافتہ کہا جاتا تھا ۔ ان افراد کو معزز سمجھا جاتا ہے جبکہ دوسروں کو پسماندہ کہا جاتا ہے ۔ اس لئے اس ذہنیت کو تبدیل کرنے کیلئے لوک منتھن کی شروعات کی گئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیںکہ آدی واسی ہوں یا قبائلی عوام ہوں ‘ تعلیم یافتہ ہوں یا نا خواندہ ہوںسبھی ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور ایک متحد ہندوستان کی تصویر پیش کی جاسکے ۔

صدر جمہوریہ ہند کی آمد ‘ گورنر ‘
چیف منسٹر و دیگر نے استقبال کیا
حیدرآباد 21 نومبر(سیاست نیوز) صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو کی شہر حیدرآباد آمد پر گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما‘ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ مرکزی وزیر کانکنی و کوئلہ جی کشن ریڈی ‘مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے ‘ ریاستی وزیر محترمہ انوسویا سیتااکا‘ مئیر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسز جی وجیہ لکشمی و دیگر عہدیداروں نے ان کا بیگم پیٹ ائیر پورٹ پر خیر مقدم کیا۔ صدر جمہوریہ آج شام خصوصی طیارے سے بیگم پیٹ ائیر پورٹ پہنچیں جہاں سے سیدھے راج بھون روانہ ہوگئیں۔ محترمہ دروپدی مرمو راج بھون میں کچھ دیر توقف کے بعد این ٹی آر اسٹیڈیم میں جاری کوٹی دیپ اتسو میں شرکت کریں گی اور ان کے دوروزہ دورہ ٔ میں قیام راج بھون میں رہیگا۔ صدرجمہوریہ ٔ ہند جمعہ کو شلپا کلا ویدیکا میں ’لوک منتھن‘ میں شرکت کرینگی جسکے بعد دہلی روانہ ہوجائیں گی۔3