شہر میں آج گنیش وسرجن جلوس، پولیس کے وسیع تر انتظامات

   

Ferty9 Clinic

تین کمشنریٹس میں35000 پولیس اہلکار تعینات، سی سی ٹی وی کیمروں سے خفیہ نگرانی

حیدرآباد ۔ /11 ستمبر (سیاست نیوز) گنیش وسرجن کے موقع پر نکالے جانے والے مرکزی جلوس کیلئے تلنگانہ پولیس کی جانب سے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد ، رچہ کونڈہ اور سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں 35 ہزار پولیس عملہ کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے کسی بھی قسم کے افواہ پھیلانے اور شرپسندی میں ملوث ہونے والے افراد کو سخت انتباہ دیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہندر ریڈی نے اسٹیٹ پولیس ہیڈکوارٹرس میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 ء کے گنیش تہوار کے موقع پر ریاست بھر میں ایک لاکھ سے زائد مورتیاں نصب کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اس تہوار کیلئے پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور /2 ستمبر کو اس تہوار کا آغاز ہوا تھا اور /12 ستمبر کو اختتام کو پہونچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام گنیش منڈپوں کو جی او ٹیاگنگ کیا گیا تھا ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ مرکزی وسرجن جلوس کے موقع پر شہر حیدرآباد میں 20 ہزار سے زائد گنیش مورتیوں کا وسرجن عمل میں لایا جائے گا جس کیلئے حسین ساگر جھیل ، سرورنگر جھیل کے علاوہ کاپرا اور امین پور جھیل اور دیگر 50 مقامات پر وسرجن کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے حساس مقامات بشمول بھینسہ ، تانڈور ، سنگاریڈی ، نظام آباد میں پولیس نے ریاستی پولیس عملہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش اور نیم فوجی دستوں کو بھی متعین کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جلوس کیلئے حیدرآباد میں پولیس کمانڈ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور دفتر ڈائرکٹر جنرل پولیس نے بھی کمانڈ کنٹرول کے ذریعہ وسرجن جلوس پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔