حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کے مختلف علاقوں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ آدھار انرولمنٹ مراکز پر تکنیکی خرابی کی وجہ سے کام کاج میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ۔ آدھار مراکز پر طویل قطاریں بھی دیکھی جا رہی ہیں کیونکہ عوام کو اپنے کام کروانے کیلئے کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ کئی افراد کو اپنے انرولمنٹ یا تصحیح کے بغیر واپس بھی ہونا پڑ رہا ہے اور یہ واضح نہیں ہو پا رہا ہے کہ خدمات کو پوری طرح سے کب بحال کیا جائیگا۔ کئی مراکز پر عوام کو طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے اور یہ امیدیں اکثر پوری نہیں ہو رہی ہیں کہ سرور جلد کام کرنا شروع کردیں گے ۔ کچھ درخواست گذار بارش کے باوجود آدھار سیوا مراکز پر کھڑے دیکھے گئے تاہم آدھار مراکز کے عملہ نے ان سے کہہ دیا کہ وہ کسی اور دن آ جائیں۔ سروس پرووائیڈرس نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس تکنیکی مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کوئی ٹائم فریم نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ آدھار کسٹمر کئیر ہیلپ لائین پر بھی سرور کے کام کاج کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں مل پا رہی ہے ۔ آدھار انرولمنٹ مراکز پر غیرمتوقع رکاوٹوں سے درخواست گذاروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں اور ان کی دوسری مصروفیات پر بھی اثر پڑ رہا ہے ۔ بیشتر متاثرہ افراد وہ ہیں جنہیں فوری دستاویزی کارروائی کیلئے آدھار اپ ڈیٹ کروانے ہوتے ہیں۔ چونکہ یہ واضح نہیں ہو رہا ہے کہ خدمات کب پوری طرح سے بحال ہونگی ایسے میں عوام کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔