شہر میں 80 بسیں رکھی جائیں گی ۔ اضلاع کیلئے 40 بسوں کی منتقلی کی تجویز
حیدرآباد۔4اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میں 120 ائیر کنڈیشن آر ٹی سی بسوں کو کم کرتے ہوئے 80کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مابقی 40 بسوں کو مصروف اضلاع کی روٹس پر منتقل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ حیدرآبادو سکندرآباد میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے چلائی جارہی 120 ائیر کنڈیشن بسو ں میں 40بسو ںکو سڑکوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کو اضلاع کی ان روٹس پر روانہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جن پر ائیر کنڈیشن بسوں کی مانگ ہے۔ ریاست میں کورونا کے دوران بسوں کو سڑکوں سے ہٹانے کے فیصلہ اور انفارمیشن ٹکنالوجی میں برسر خدمت ملازمین کو گھر سے کام کا اختیار ملنے کے بعد ائیر کنڈیشن بسیں آر ٹی سی پر بوجھ ثابت ہونے لگی ہیں اور ان سے جو نقصان ہورہا ہے اس کی پابجائی مشکل ہوتی جا رہی ہے اسی لئے آر ٹی سی کے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ 80 ائیر کنڈیشن بسیں حیدرآباد میں چلائی جائیں اور مابقی اضلاع کیلئے چلائی جائیں گی لیکن کن روٹس کی بسوں میں ائیر کنڈیشن بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور کن روٹس پر نئی ائیر کنڈیشن بسوں کو شروع کیا جائے اس کا فیصلہ عہدیدارو ںکی جانب سے تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی کرے گی۔آرٹی سی ذرائع کے مطابق 75 فیصد آئی ٹی شعبہ ملازمین کی جانب سے اب بھی گھر سے کام کیا جا رہاہے جس سے ائیر کنڈیشن بسوں کے استعمال میں نمایاں کمی ہوئی ہے اسی لئے آرٹی سی اس بات کا جائزہ لے رہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ائیر کنڈیشن بسوں کااستعمال کرنے والے مسافرین میں آئی ٹی ملازمین سرفہرست ہیں اور بیشتر ایئر کنڈیشن بسیں طویل مسافت والی روٹس پر ہی چلائی جاتی ہیں لیکن بیشتر تمام شعبہ جات میں صورتحال معمول کے مطابق ہوتی جار ہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ائیر کنڈیشن بسوں کی اضلاع کو منتقلی کے فیصلہ کے اور نئی روٹس یا پرانی روٹس پر انہیں چلانے کے سلسلہ میں قطعی رپورٹ آئندہ دو ہفتوں میں تیار کرلی جائیگی اور رپورٹ کو اعلیٰ عہدیدارو ںاور حکومت کی منظوری کے بعد ائیر کنڈیشن بسوں کی اضلاع تک سہولت میں اضافہ ہوگا۔م