راجہ سنگھ کی رکنیت ختم کروانے بی جے پی کوشاں ‘ ڈی ناگیندر کا مستعفی ہوکر دوبارہ مقابلہ پر غور
حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں 3حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات ہوسکتے ہیں !حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے ساتھ مزید 2 حلقوں میں انتخابات کی صورتحال پیدا ہونے لگی ہے ۔ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے رکن ماگنٹی گوپی ناتھ کی موت کے بعد اس نشست پر انتخابات کی تیاریوں کے دوران گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے پارٹی سے مستعفی ہونے کے بعد اس نشست کے بھی مخلوعہ ہونے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔ ان دو حلقوں کے ضمنی انتخابات کی قیاس آرائیوں کے دوران اب حلقہ خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے بھی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر ضمنی انتخابات کی راہ ہموار کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی ناگیندر کے عام انتخابات میں بی آر ایس سے انحراف کرکے کانگریس ٹکٹ پر سکندرآباد حلقہ پارلیمنٹ سے مقابلہ کے سبب انہیں یہ اندیشہ ہے کہ عدالت میں زیر دوراں مقدمہ میں انہیں شکست ہوسکتی ہے اسی لئے وہ خود مستعفی ہوکر دوبارہ انتخابات میں حصہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ حلقہ جوبلی ہلز کی مخلوعہ نشست پر ضمنی انتخابات کے اعلامیہ کے ابھی کوئی آثار نہیں ہیں اور بی جے پی راجہ سنگھ کے انحراف پر سخت کارروائی کرکے گوشہ محل ضمنی انتخابات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اب رکن اسمبلی خیریت آباد سیاسی مستقبل کو محفوظ بنانے کی حکمت عملی میں مستعفی ہوکر حلقہ خیریت آباد میں بھی ضمنی انتخابات کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی حلقہ گوشہ محل سے راجہ سنگھ کی رکنیت ختم ہونے پر حلقہ حیدرآباد سے شکست خوردہ امیدوارہ مادھوی لتا کو امیدوار بنانے کوشاں ہے۔ مادھوی لتا نے اس سلسلہ میں کہا کہ وہ پارٹی کی ہدایت کے مطابق کام کریں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نہ صرف حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں بلکہ اگر انہیں پارٹی حلقہ جوبلی ہلز سے مقابلہ کی ہدایت دیتی ہے تو وہ جوبلی ہلز سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔3