مجلسی رکن کی توجہ دہانی، اسمبلی میں کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے شہر میں آلودہ پانی کی سربراہی کے مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا ہے۔ وقفہ صفر کے دوران مجلس کے محمد معظم خاں نے حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے کئی اسمبلی حلقہ جات میں پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ بہادر پورہ اسمبلی حلقہ میں ہفتہ میں صرف ایک مرتبہ پانی سربراہ کیا جاتا ہے جبکہ کاروان اور دیگر اسمبلی حلقوں میں بھی پانی کی سربراہی میں آلودگی کی شمولیت کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں سے بارہا نمائندگی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں سے وہ اپنے انتخابی حلقہ میں ذخیرہ آب کی تعمیر کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت ذخیرہ آب کی تعمیر کی تجویز ہے لیکن گذشتہ تین برسوں سے کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ کاروان میں درگاہ حکیم بابا ؒ کے قریب ذخیرہ آب کی تعمیر تجویز پیش کی گئی۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق سے خواہش کی کہ ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو آلودہ پانی سے نجات دیں۔