ملک پیٹ میں چار سالہ بچہ پر حملہ ، علاقہ میں تشویش
حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات نے بچوں کی سلامتی پر پھر ایک بار سوال کھڑا کردیا ہے ۔ اب جبکہ گرمائی تعطیلات کا سیزن ہے اور بچے کھیل کود کو اہمیت دیتے ہیں ۔ ایسی صورت میں بچوں کی سلامتی ایک اہم مسئلہ بن گیا ہے ۔ چونکہ ملک پیٹ کے واقعہ نے شہریوں کو ایک گہری سونچ اور فکر میں مبتلا کردیا ہے ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس افسوسناک واقعہ میں ماں کی چوکسی نے بچہ کو بچالیا لیکن آوارہ کتوں کے حملہ نے سارے شہریوں کو سونچنے پر مجبور کردیا ہے ۔ چونکہ آئے دن ایسے واقعات پیش آتے ہیں اور ارباب مجاز کی لاپرواہی کے بعد مسئلہ سے انجان ہوجاتے ہیں ۔ ملک پیٹ کے علاقہ لکشمی نگر میں آوارہ کتوں نے ایک 4 سالہ لڑکے پر حملہ کردیا ۔ مکان سے گھسیٹتے ہوئے لیجاکر لڑکے پر ٹوٹ پڑے ۔ بچے کی چیخ و پکار اور اس خوفناک منظر کو دیکھ کر اس کی ماں فوری چوکس ہوگئی اور لاٹھی سے ان آوارہ کتوں پر وار کرتے ہوئے اپنے لخت جگر کو بچالیا ۔ لیکن اس وقت تک آوارہ کتوں نے بچہ کو شدید زخمی کردیا تھا ۔ اس 4 سالہ لڑکے اجول کمار کو اس کے والدین نے ہاسپٹل منتقل کیا اور بچے کو 10 ٹانکے دئے گئے ۔ جس کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن بچہ شدید زخمی ہوگیا ۔ اجول کمار کے والدین الیکیہ اور سائی کمار کا تعلق ضلع اننت پور کے کدری سے بتایا جاتا ہے جو زندگی کے گذر بسر کیلئے حیدرآباد آئے تھے ۔ اجول کو فیور ہاسپٹل سے رجوع کیاگیا ۔ اس واقعہ پر شہریوں نے گہری تشویش اور خوف کا اظہار کیا ہے اور ارباب مجاز سے آوارہ کتوں کے مسئلہ پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے اور بچوں کی سلامتی پر فکر ظاہر کی ہے ۔ ع