حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت اب نیرا ( ایک طرح کی سیندھی ) کیفے قائم کرے گی ۔ وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے یہ انکشاف کیا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 9 کروڑ روپئے کے صرفہ سے شہر میں ٹینک بنڈ کے قریب نیرا کیفے قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ وزیر موصوف نے تیقن دیا کہ وہ بھونگیر منڈل میں نیرا فیکٹری قائم کرنے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ سرینواس گوڑ نے ضلع پریشد صدر نشین اے سندیپ ریڈی اور بھونگیر رکن اسمبلی پی شیکھر ریڈی کے ساتھ بھونگیر منڈل میں ایس پاپنا کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کو کوئی بھی نہیں روک سکتا اور ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کو سبق سکھایا جائیگا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ نے صرف سات سال کے مختصر عرصہ میں تیز رفتار ترقی کی ہے جو 70 سال کے عرصہ میں نہیں ہوئی ۔ اس کا سہرا چیف منسٹر کے سی آر کے سر جاتا ہے ۔