18 کے منجملہ 4 فسیلٹیز کارکرد، باقی تعمیر کے مختلف مراحل میں
حیدرآباد 23 جنوری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے شہر میں مختلف مقامات پر اسپورٹس انفراسٹرکچر کو فروغ دینے اور عصری سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان میں گولکنڈہ میں اویسی پلے گراؤنڈ پر ایک سوئمنگ پول، کاٹے دھن میں اسپورٹس کامپلکس، ونستھلی پورم میں سچیوالیا نگر میں سوئمنگ پول اور بارکس میں ایک فٹ بال اسٹیڈیم یہ چار سہولتیں ہیں جہاں تعمیری کام تیزی سے جاری ہیں۔ اسپورٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے جملہ 18 پراجکٹس کو جن میں اِن ڈور اسٹیڈیمس، سوئمنگ پولس وغیرہ شامل ہیں، جی ایچ ایم سی کی جانب سے 86.61 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے شروع کیا گیا ہے۔ ان میں چار زیرتکمیل ہیں جبکہ گاجولارامم میں ایک پراجکٹ افتتاح کے لئے تیار ہے۔ جی ایچ ایم سی نے چار اسپورٹس فسیلٹیز کو استعمال میں لایا ہے اور عہدیداروں کے مطابق باقی پراجکٹس مختلف مراحل میں ہیں۔ شہر میں اس انفراسٹرکچر کو ریاستی حکومت کی جانب سے اُبھرتے ہوئے اسپورٹس صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور انھیں ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے شروع کیا گیا ہے اور یہ سہولتیں خانگی پارٹیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی سرویسس کے مساوی ہوں گی۔ کاٹے دھن میں اسپورٹس کامپلکس میں ایک سوئمنگ پول ہے جس میں تیراکی کرنے والوں کے لئے چینجنگ رومس اور دوسری سہولتیں ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ اس میں کام کے ہر پہلو اینٹ کے کام، میستری سے پلاسٹرنگ اور فلورنگ وغیرہ تک معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ یہ نیا انفراسٹرکچر جسے فروغ دیا جارہا ہے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود سات سوئمنگ پولس، 12 اسپورٹس کامپلکسیس، 521 پلے گراؤنڈس کے علاوہ ہے۔ عہدیداروں کے مطابق اسپورٹس سہولتوں سے آمدنی بھی ہورہی ہے اور اپریل 2021 ء تا ڈسمبر 2021 ء ان فسیلٹیز کو لیز پر دینے سے 90 لاکھ روپئے سے زائد آمدنی ہوئی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس کے لئے برائے نام فیس چارج کی جاتی ہے تاکہ اسپورٹس کی سہولتوں سے سماج کے تمام طبقات کے لوگ بالخصوص غریب استفادہ کرسکیں۔ کم فیس کے باوجود اس سے اچھا ریونیو حاصل ہورہا ہے۔