شہر میں اندرون 12 گھنٹے قتل کی 5 وارداتیں

,

   

ایس ایم بلال
حیدرآباد : /21 جون ۔ شہر حیدرآباد کو ملک کی محفوظ اور اسمارٹ سٹی ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے اور اس شہر میں اندرون 12 گھنٹے قتل کی 5 سنگین وارداتیں پیش آئیں جس سے عوام میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ دو ایسی وارداتیں ہیں جن میں دوہرے قتل کئے گئے جبکہ ایک قتل برسرعام دن دھاڑے کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کل رات دیر گئے ٹپہ چبوترہ کے داعی باغ علاقہ میں دو زنخوں کا بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا ۔ اس واردات نے علاقہ میں سنسنی پیدا کردی ۔ داعی باغ کے ساکن 25 سالہ سید یوسف عرف ڈالی اور اس کا ساتھی محمد ریاض الدین عرف صوفیا جو زنخے ہیں اسی علاقہ سے تعلق رکھنے والے سید عنایت جو پیشہ سے کارپینٹر ہے سے ڈالی کی گہری دوستی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈالی اور عنایت آپس میں رشتہ قائم کئے ہوئے تھے اور ڈالی نے اپنے ساتھی کو رشتہ برقرار رکھنے کیلئے دباؤ ڈال رہی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلقات کے تصاویر بھی موجود تھے اور ڈالی نے مبینہ طور پر رشتہ توڑنے پر راز افشا کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد عنایت نے دوری اختیار کرتے ہوئے انتقام لینے کے لئے اپنے ساتھی محمد عنایت کی مدد سے ڈالی کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ منگل کی شب ڈالی اور صوفیا کو ملے پلی کی ایک ہوٹل میں طلب کیا جہاں پر انہوں نے شراب نوشی کی ۔ رات دیر گئے دونوں زنخے اپنے مکان موٹر سائیکل پر واپس لوٹ رہے تھے کہ کشن باغ کے قریب عنایت نے ڈالی اور صوفیا پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا اور نیچے گرنے کے بعد دونوں زخمیوں پر کارپینٹر اور اس کے ساتھی نے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر ساؤتھ ویسٹ زون کے ڈپٹی کمشنر پولیس کرن کھارے مقام واردات پر پہنچ گئے اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا اور بعد ازاں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ اسی طرح کل رات دیر گئے میلاردیوپلی علاقہ میں بھی دوہرے قتل کی واردات نے سنسنی پیدا کردی ۔ درگا نگر چوراہا تا شمس آباد اولڈ کرنول روڈ پر یہ واردات پیش آئی جس میں چادر فروش کرنے والا چھوٹے تاجر کے سر پر وزنی پتھر ڈالکر قتل کردیا ۔ اسی طرح کچھ ہی دور فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے والے ایک شخص کے سر پر بھی وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا۔ یہ واردات میلاردیوپلی پولیس اسٹیشن سے کچھ ہی فاصلے پر پیش آئی ۔ پولیس نے موقع واردات پر پہنچنے کر شواہد اکٹھا کئے اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے دواخانہ عثمانیہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے یہ واردات انجام دی ہیں جبکہ قتل کی وجہ کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرتے ہوئے خاطیوں کی نشاندہی کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔ پولیس میلاردیوپلی نے ایک قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ قتل کی یہ وارداتیں آج صبح سے ہی سوشل میڈیا پر گشت کررہی تھیں کہ شام کو ایک اور تازہ قتل کی واردات نے عوام کو تشویش میں مبتلا کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 33 سالہ محمد یوسف ساکن کالی قبر کا آج دن دھاڑے چادر گھاٹ علاقہ میں قتل کردیا گیا ۔ اکرم اور شعیب نامی افراد نے یوسف کا گلا کاٹ کر قتل کیا ہے ۔ قتل کا سنسنی خیز منظر سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگیا ۔ بالاپور علاقہ میں بھی چاقو زنی کی واردات پیش آئی جس میں ایک روڈی شیٹر نے نوجوان پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا ۔