فوری بس سرویس کے آغاز کا امکان نہیں، شہر میں کورونا کے کیسس اہم وجہ: پی اجئے کمار
حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے 8 جون سے آر ٹی سی کی سٹی بس سرویسس کی بحالی کو غیر یقینی قراردیا اور کہا کہ شہر میں کورونا کے کیسس میں روز افزوں اضافے کو دیکھتے ہوئے سٹی بس سرویسس کی بحالی آسان نہیں ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ بس سرویس کی بحالی کا فیصلہ چیف منسٹر کے سی آر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 جون کے بعد کسی بھی وقت چیف منسٹر کے پاس جائزہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں کورونا کی صورتحال پر عہدیداروں کی رپورٹ حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسس کی بنیاد پر آر ٹی سی بس سرویسس کی بحالی کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے یہ اطلاعات گشت کرائی جارہی ہیں کہ 8 جون سے سٹی بس سرویسس بحال ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہو یا پھر میٹرو ٹرین سماجی فاصلے اور دیگر شرائط کی تکمیل آسان نہیں ہے۔ آر ٹی سی بسوں میں سماجی فاصلے کے ساتھ ساتھ مسافرین کو ٹھہر کر سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بس سرویس کی بحالی کی صورت میں شرائط پر عمل آوری ممکن نہیں ہے لہٰذا سٹی بس سرویس کی بحالی پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کے کیسس میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا چیف منسٹر تمام صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی بہتر فیصلہ کریں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنا نہیں ہے بلکہ اسے کورونا پر قابو پانے کی فکر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آر ٹی سی فی الوقت خسارے سے دوچار ہے۔ حکومت آر ٹی سی کو خسارے سے نکالنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھارہی ہے اور اس سلسلہ میں آر ٹی سی ملازمین کا تعاون بھی ضروری ہے۔