شہر میں اچانک موسم تبدیل ۔ جمعہ کی رات شدید بارش

,

   

مشیر آباد منڈل میں سب سے زیادہ 74.3 ملی میٹر اور چارمینار میں 48.5 ملی میٹر بارش
حیدرآباد 20 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں آج رات اچانک موسلادھار بارش نے موسم کو قدرے تبدیل کردیا ۔ شہر میں گذشتہ 10 تا 12 دن سے بارش کا سلسلہ رکا ہوا تھا ۔ گذشتہ چند دنوں سے گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا تھا ۔ آج دن میں درجہ حرارت 32 ڈگری کے آس پاس درج ہوا تھا اور گرمی کی شدت محسوس ہونے لگی تھی تاہم آج شام سے موسم میں تبدیلی محسوس ہونے لگی ۔ مغرب سے قبل سے موسم ابر آلود ہوگیا تھا اور ہوائیں چلنے لگی تھیں۔ عشاء کے بعد سے ہلکی بارش کا آغاز ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید بارش میں تبدیل ہوگئی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بارش کے نتیجہ میں حالانکہ عوام کو گرمی سے راحت نصیب ہوئی تاہم سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت میں خلہ پڑا ۔ کئی علاقوں میں مصروف وقت میں بارش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال بھی پیش آئی اور کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا ۔ شہر کے علاقوں اپل ‘ ایل بی نگر ‘ حیات نگر ‘ بالا نگر ‘ جیڈی مٹلہ ‘ نامپلی ‘ حمایت نگر ‘ آر ٹی سی چوراہا ‘ تارناکہ ‘ کوٹھی ‘ ملک پیٹ ‘ دلسکھ نگر کے علاوہ چارمینار ‘ یاقوت پورہ ‘ بہادر پورہ علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی ۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ محکمہ موسمیات نے شہر اور تلنگانہ کے اضلاع میں آئندہ ہفتے بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور متعلقہ محکمہ جات کو الرٹ کیا ہے ۔شہر میں سب سے زیادہ 74.3 ملی میٹر بارش مشیر آباد ( بیگم پیٹ سرکل ) میں ہوئی جبکہ اپل میں 66 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ ایل بی اسٹیڈیم اور نامپلی علاقہ میں 65.8 اور 64.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ چارمینار منڈل میں 48.5 ملی میٹر بارش ہوئی ۔