آئندہ پانچ دن تک گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا بھی امکان
حیدرآباد ۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) کئی دن کے خشک اور گرم موسم کے بعد شہر میں آج شام ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ پانچ دن تک وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے ۔ دوپہر کے بعد سے اچانک موسم تبدیل ہوگیا تھا اور شام سے قبل بارش بھی ہوئی ۔ جیڈی مٹلہ ‘ کنچن باغ ‘ کندیکل گیٹ ‘ شیورام پلی ‘ جہاں نما ‘ قطب اللہ پور اور چندرائن گٹہ کے علاوہ کئی علاقوں میں بارش ہوئی ۔ اس اچانک اور بے موسم بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور عوام کو گرمی سے بھی راحت ملی ۔ دن کا اوسط درجہ حرارت جو 37 ڈگری سلسئیس تک پہونچ گیا تھا وہ 25.2 ڈگری تک پہونچ گیا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ وسطی ہندوستان سے شمالی داخلی کرناٹک تک موسمی تبدیلیاں پیش آ رہی ہیں جن کے نتیجہ میں مغربی تلنگانہ اور حیدرآباد کے اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جمعہ سے درجہ حرارت میں ایک تا دو ڈگری کی گراوٹ آئی تھی ۔ آئندہ پانچ دن تک کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے یا پھرگرج چمک کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں بھی ہلکی بارش اور مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ کسی کسی وقت ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کاماریڈی ‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ وقار آباد ‘ حیدرآباد ‘ رنگا ریڈی ‘ محبوب نگر ‘ نارائن پیٹ ‘ ونپرتی ‘ ناگرکرنول اور گدوال میں آئندہ پانچ دن تک گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آئندہ چند دن کے دوران حیدرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 35 تا 37 ڈگری اور اقل ترین 19 تا 22 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔اچانک بارش کے تنیجہ میں چند دن سے شدید گرمی سے پریشان عوام کو قدرے راحت ملی ہے اور شام کے وقت موسم بھی خوشگوار ہوگیا ۔