شہر میں اکثر حادثات ہونے والے 25 مقامات کی نشاندہی ‘ تدارک کیلئے اقدامات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) شہر میں 25 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں اکثر حادثات کی وجہ سے انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں اور ان مقامات کو بلاک اسپاٹ کا نام دیا گیا ہے اور ان پر موجود نقائص کو دور کرنے اور مرمتی کاموں کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ضرورت کے مطابق ان اسپاٹ کے پاس اسپیڈبریکرس، لائن مارکنگ کے کام کئے جائیں گے اور اس معاملہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بلدیہ کو رپورٹ پر عمل آوری کی جائیگی ۔ بعض مقامات پر دونوں محکموں کے افسران نے جائزہ لیتے ہوئے مختلف فیصلے کئے ۔ حیدرآباد پولیس نے ان مقامات کی نشاندہی کی ہے اور نشاندہی کے ساتھ پولیس نے مسائل کے حل کو بھی رپورٹ میں پیش کیا ہے کیونکہ ان مقامات پر گاڑیوں، سڑک عبور کرتے وقت بے قابو ہوکر، پیدل راہرو سڑک عبور کرتے وقت حادثات کا شکار ہورہے ہیں تو بعض مقامات پر سڑکیں نا ہموار ہونے کی وجہ اور گاڑیوں کی رفتار کو واضح کرنے والی علامات نہ ہونے کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آرہے ہیں اور ان مقامات کی تفصیل کچھ اس طرح ہیں کندیکل گیٹ، زیتون ہوٹل، فاروق نگر بس ڈپو کے پاس، باپو گھاٹ، لنگرحوض، رام دیوگوڑہ، لنگرحوض درگاہ، بالیکا بھون، سات گنبد ؍ دکن پارک، پتلی باؤلی روڈ، جی پی او عابڈس، ای این ٹی ہاسپٹل کوٹھی، اندرا پارک جنکشن، آر ٹی سی کراس روڈ، رام کرشنا مٹھ، کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن روڈ، ودیا نگر ایکس روڈ، این ٹی آر گارڈن، این ٹی آر مارگ، بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12 کمان، راما نائیڈو اسٹوڈیو کی عقبی سڑک، یوسف گوڑہ چیک پوسٹ، چلکل گوڑہ ایکس روڈ، وارثی گوڑہ چوراستہ، سکندرآباد ریلوے اسٹیشن، گردوارہ اسٹیشن روڈ سکندرآباد، باٹا ایکس روڈ، آر پی روڈ سکندرآباد، ریتی فائل بس اسٹاپ سکندرآباد ہیں۔