امریکہ میں حصول تعلیم کے خواہاں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی
حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) یونائیٹیڈ اسٹیٹس، ایجوکیشنل فاونڈیشن کی جانب سے 26 اگست کو ایجوکیشن یو ایس اے یونیورسٹی فیر نوئیٹل انٹرنیشنل سنٹر، ہائی ٹیک سٹی حیدرآباد میں منعقد کیا گیا۔ امریکہ میں حصول تعلیم کے خواہاں تین ہزار طلبہ نے اس ایونٹ کیلئے رجسٹریشن کروایا، جس میں امریکی یونیورسٹیز کے نمائندوں، ایجوکیشن یو ایس اے ایڈوائزرس اور یو ایس قونصلیٹ ویزا عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ کارگذار امریکی قونصل جنرل اور کونسلر چیف ریبیکا ڈریم نے اس ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس میں امریکہ کی 40 یونیورسٹیز اور کالجس کے نمائندوں نے حصہ لیتے ہوئے انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور ڈاکٹورل سطح کے اکیڈیمک پروگرامس کی پیشکش کی۔ حیدرآباد میں امریکی قونصلیٹ کے ویزا عہدیداروں نے بھی اس ایونٹ میں شرکت کی اور یو ایس اسٹوڈنٹ ویزا اپلیکیشن پروسیس سے متعلق سوالات کے جواب دیئے۔