آئندہ تین دن تک ہلکی سے اوسط بارش کی بھی پیش قیاسی
حیدرآباد۔ شہر میں ہفتے کی شام تقریبا ایک گھنٹے تک موسلا دھار بارش ہوئی ۔ دن بھر موسم صاف رہا اور کہیں بھی بارش کی اطلاع نہیں تھی ۔ تاہم شام ہوتے مطلع ابر آلود ہوگیا تھا اور رات 8 بجے کے قریب بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ کچھ دیر بعد یہ بارش تیز اور موسلادھار ہوگئی ۔ ایک گھنٹے کی بارش کے نتیجہ میں شہر میں کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تھا اور پرانے شہر میں کچھ مقامات پر برقی سربراہی میں خلل کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔رات کے اوقات میں مصروف سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک میں بھی خلل پیدا ہوا تھا ۔ تاہم پانی کی نکاسی اور برقی بحالی کے فوری اقدامات کئے گئے ۔ آج درجہ حرارت 30 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 23.6 ڈگری رہا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کی پیش قیاسی کے بموجب شہر میں آئندہ تین دنوں تک ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔ شہر میں اعظم ترین درجہ حرارت 30 تا 32 ڈگری کے آس پاس ہونے کا امکان ہے ۔ 17 جولائی تک حیدرآباد میں جملہ 322 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جبکہ معمول کے مطابق 196.4 ملی میٹر بارش ہوا کرتی تھی ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ شمال مغربی خلیج بنگال اور آس پاس میں 21 جولائی تک ہوا کے دباو میں کمی پیدا ہونے کا امکان ہے جس کے نتیجہ میں شہر میں اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ پانچ دنوں کیلئے ریاست کے مختلف اضلاع میں تیز ہواوں اور بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ عادل آباد ‘ نرمل ‘ نظام آباد‘ بھدرادری کتہ گوڑم ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ ‘ یادادری بھونگیر ‘ رنگا ریڈی ‘ حیدرآباد ‘ میڑچل ‘ ملکاجگری ‘ وقار آباد ‘ سنگاریڈی ‘ میدک ‘ محبوب نگر ‘ ناگرکرنول ‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ اور جوگولامبا گدوال میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
