حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) شرعی تعلیمات خاص طور پر حجاب خواتین کی ترقی میں کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنا۔ اس کا ایک ثبوت حیدرآباد میں اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک برقعہ پوش باحجاب مسلم خاتون کو آٹو چلاتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کی مساعی میں مصروف دیکھا گیا۔ اسلام نے خواتین کو اعلیٰ مقام عطاء کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر شریعت کی پابندی کے ذریعہ خواتین حلال پیشہ و ملازمت کے ذریعہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکتی ہیں۔ حیدرآباد میں آسیہ بیگم نامی ایک خاتون نے آٹو رکشا چلاتے ہوئے دیگر محنت کش خواتین کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ خواتین میں عزم و ارادہ ہو تو وہ جائز طریقہ سے آمدنی حاصل کرسکتی ہیں۔ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں آسیہ بیگم الیکٹرانک آٹو چلاتے ہوئے روزگار حاصل کررہی ہیں۔ کئی خواتین نے آسیہ بیگم کے اس جذبہ کی ستائش کی اور ان کے آٹو میں سفر کررہی ہیں۔ عام طور پر آٹو چلانا مرد حضرات کا پیشہ سمجھا جاتا ہے لیکن آسیہ بیگم نے حیدرآباد جیسے مصروف ترین شہر میں باحجاب طریقہ پر آٹو چلاتے ہوئے اپنے گھر والوں کی کفالت کررہی ہیں۔ آسیہ بیگم کے آٹو چلانے کا ویڈیو اور تصاویر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور عوام کی جانب سے آسیہ بیگم کی ہمت ، محنت و مشقت کی ستائش کی جارہی ہے۔ سوشیل میڈیا صارفین نے آسیہ بیگم کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے اپنے خاندان کی کفالت کیلئے حلال ذریعہ آمدنی کو اختیار کیا ہے۔ر