شہر میں بارش اور موسمی وباؤں کی صورتحال پر غور

,

   

درخت اکھڑنے کی 30 شکایات ، وزیر بلدی نظم و نسق کا اجلاس
حیدرآباد 5 اکتوبر ( سیاست ڈاٹ کام)تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق کے تارک راما راو نے مانصاحب ٹینک علاقہ میں واقع گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے دفتر میں جی ایچ ایم سی کے مختلف پہلووں سے متعلق اجلاس عہدیداروں کے ساتھ منعقد کیا۔وبائی بخار کے واقعات پر قابو پانے کے اقدامات کے علاوہ، وزیر موصوف نے مختلف مسائل بشمول سینی ٹیشن، ٹرانسپورٹ کے شعبہ، تعمیراتی سامان اور ملبہ کی منتقلی، جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ کے کام اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔اس اجلاس میں مئیر جی ایچ ایم سی بی رام موہن، پرنسپال سکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق عامہ انل کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی ڈی ایس لوکیش کمار اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔اسی دوران شہر کے بعض علاقوں میں ہوئی بارش کے نتیجہ میں دومل گوڑہ کے اروند نگر علاقہ میں درخت اکھڑ گئے ۔عہدیداروں نے دعوی کیا کہ اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔گزشتہ شب پانی کے جمع ہونے ، درختوں کے گرنے سے متعلق تقریبا 30شکایات جی ایچ ایم سی کو موصول ہوئی۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے کہاکہ پہلے ہی مانسون کی ایمرجنسی ٹیمیں وہاں پہنچ گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں جمع پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔وزیربلدی نظم و نسق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد بالخصوص پرانے شہر میں اگر کوئی بلدی مسائل کی اطلاعات موصول ہو تو بروقت نمٹا جائے ۔