ایک اور طوفان کی محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ شہر میں رات کے وقت بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی سے پریشان حال عوام نے راحت کی سانس لی۔ ایک طرف ٹوکٹے نے مہاراشٹرا اور گجرات میں تباہی مچادی ہے جس کے زیر اثر دیگر ریاستوں میں بھی بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مشرقی وسطی خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ قائم ہو رہا ہے جس کے زیر اثر 23 اور 24 مئی کے درمیان ایک اور طوفان کا امکان ہے۔ عمان نے اس طوفان کو ’’یاس‘‘ کا نام دیا ہے۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر نے بتایا کہ جنوب مشرقی مانسون کے جنوبی انڈومان کے سمندر میں 21 مئی کو پیشرفت کرنے کا امکان ہے۔ اس کے زیر اثر شمالی انڈومان اور اطراف کے علاقوں میں ہوا کے کم دباؤ کا مرکز بنے گا جس کے زیر اثر تلنگانہ کے تمام اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ حیدرآباد اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ درجہ حرارت 34 اور 24 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ اسی دوران نلگنڈہ میں اعظم ترین درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر مقامات پر درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری رہا ۔