سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ۔ تین دن تعطیلات کے بعد گہما گہمی کی صورتحال
حیدرآباد۔24جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں و ریاست میں بارش کے پیش نظر حکومت سے تین روزہ تعطیلات اور اتوار کے بعد آج جب دفاتر و اسکولوں کی دوبارہ کشادگی عمل میں آئی تو بارش اور ٹریفک جام نے شہریوں کیلئے دوبارہ مشکلات پیدا کردیئے ۔ دونوں شہروں میں گذشتہ تین یوم کے دوران ہلکی بوندا باندی اور بارش نہ ہونے کے سبب تعطیلات تو رائیگاں ہوئی لیکن اب جبکہ تعطیلات ختم ہونے کے بعد دوبارہ اسکول اور دفاتر کھولے گئے تو آسمان نے بھی دوبارہ برسنا شروع کردیا جو کہ مسائل کا سبب بنا ۔ کئی علاقوں میں آج وقفہ وقفہ سے بارش کے سبب نئے شہر اور پرانے شہر کے علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل دیکھے گئے ۔ جوبلی ہلز ‘ بنجارہ ہلز‘ مانصاحب ٹینک‘ گچی باؤلی‘ مادھاپور‘ مہندرا ہلز‘ جوبلی ہلز چیک پوسٹ ‘ کوکٹ پلی ‘ بالا نگر‘ گوتم نگرکے علاوہ دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کا شہریوں کو سامنا کرنا پڑاکیونکہ ہلکی اور تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے علاوہ بارش کی وجہ سے بننے والے گڑھوں سے ٹریفک کا بہاؤ متاثر ہواہے۔اسی طرح پرانے شہر کے علاقوں میں بی بی کے علم کے جلوس کے راستوں پر ہاتھی کی ریہرسل کے سبب بعض سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں جس کا اثر دیکھا گیا اور بی بی بازار چوراہا‘ مغل پورہ‘ کالی کمان‘ پرانی حویلی ‘ دارالشفاء ‘ کوٹلہ عالیجاہ‘ اعتبار چوک ‘ منڈی میرعالم اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام کے اثرات حسینی علم‘ بیگم بازار‘ یاقوت پورہ‘ محبوب چوک‘ سٹی کالج اور دیگر سڑکوں پر دیکھے گئے ۔دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کے سبب ٹریفک پولیس کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا تھا ۔ اسکولوں کی کشادگی کے سبب اسکولوں کے قریب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام دیکھی گئی اور مطلع ابر آلود ہونے کے سبب بیشتر والدین اور سرپرستوں نے اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے اور اسکول سے لانے موٹر کاروں کا استعمال کیا ۔ سڑکوں پر کاریں زیادہ نظر آرہی تھی جو ٹریفک جام کی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ٹریفک پولیس کا کہناہے کہ دونوں شہروں کی مصروف سڑکوں پر بارش سے پڑنے والے گڑھوں کے نتیجہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوا جسے دور کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بلدیہ عہدیداروں سے خواہش کی گئی کہ وہ سڑکوں پر گڑھوں کی مرمت کو یقینی بناتے ہوئے اس مسئلہ سے نجات کو یقینی بنائیں۔م