شہر میں بارش کی تباہی، برقی شاک سے پولیس کانسٹبل کی موت

   

کئی مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل، بے شمار کالونیوں میں پانی جمع ہوگیا ، عوام پریشان، مزید چار دن تک بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔ یکم؍ مئی، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بارش کا قہر جاری ہے۔ اتوار کی نصف شب کے دوران حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں گرج و چمک و تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔ برقی شاک لگنے سے ایک پولیس کانسٹبل کی موت واقع ہوگئی۔ شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں، بستیوں اور کالونیوں میں کمر برابر پانی جمع ہوگیا۔ کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا، کاریں اور دیگر گاڑیاں پانی میں تیرتی نظر آئیں۔ کئی علاقوں میں گھنٹوں برقی سربراہی منقطع ہوگئی جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتہ کی صبح بارش سے سکندرآباد علاقہ میں ایک کمسن لڑکی مونیکا نالے میں گر کر فوت ہوگئی تھی۔ اتوار کو رات میں ہوئی بارش سے ایک پولیس کانسٹبل 40 سالہ سولم ویرا سوامی کی برقی شاک لگنے سے موت واقع ہوگئی۔ کل رات تیز ہواؤں، گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے برقی تار ٹوٹ کر گرنے سے برقی شاک لگنے پر پولیس کانسٹبل کی موت واقع ہوگئی۔ اتوار کی نصف شب زبردست بارش ہوئی جس سے شہر کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں، کئی علاقوں کی سڑکوں پر گھٹنوں تک پانی بہتا رہا جس سے گاڑیاں چلانے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کی صبح سے شام تک سخت دھوپ رہی، شام 7 بجے کے بعد موسم تبدیل ہوگیا اور تیز بارش ہوئی۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر زبردست بارش ہوئی۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے۔ ٹووہیلر گاڑیاں چلانے والوں کو بہت زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ فی گھنٹہ 40 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں درخت زمین سے اُکھڑکر سڑکوں پر گرگئے۔ جوبلی ہلز، فلم نگر، بنجارہ ہلز، شیخ پیٹ، ٹولی چوکی کی مختلف کالونیوں میں درخت ٹوٹنے کی شکایات وصول ہوئیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ مختلف مقامات پر عوام نے رات بھر جاگ کر گھروں سے پانی کی نکاسی کی ۔ کئی علاقوں میں گھنٹوں برقی کی سربراہی منقطع ہوگئی۔ جی ایچ ایم سی کا ایمرجنسی عملہ اور پولیس ٹریفک مسائل اور پانی کی نکاسی کے کاموں میں مصروف رہے۔ میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے اپنے کیمپ آفس سے زونل کمشنرس سے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے بارش کے دوران متحرک رہنے کی ہدایت دی۔ اضلاع میں بھی بارش کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے کئی کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا بالخصوص آم کی فصلوں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے، دھان کوبھی نقصان پہنچا ہے جس سے کسان پریشان ہیں اور حکومت سے مدد کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں مزید چار دن شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ چند اضلاع میں گرج و چمک کے ساتھ فی گھنٹہ 40 تا50 کلو میٹر رفتار سے ہواؤںکے ساتھ بارش ہوگی۔ ن