منگل کی رات وقفہ وقفہ سے بارش، آئندہ پانچ دن مزید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔ 26 اپریل(سیاست نیوز) شہر اور اضلاع میں کل رات سے چہارشنبہ کی صبح تک وقفہ وقفہ سے ہلکی تا تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر میں شدیدبارش کے دوران دیوار کے پتھر گرنے سے ایک 8ماہ کی لڑکی کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ شہر کے جوبلی ہلز علاقہ میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اس لڑکی جس کی شناخت جیونیکا کے طورپر کی گئی ہے ، اپنے والدین کے ساتھ جوبلی ہلز علاقہ کے اوم نگر میں مقیم تھی۔منگل کی شب یہ لڑکی اپنے مکان میں سورہی تھی کہ متصل عمارت کی ریلنگ سے پتھر ان کے مکان کی چھت پر گرپڑے جس کے نتیجہ میں اسبسطاس شیٹ ٹوٹ گئی اور یہ پتھر لڑکی پر گرپڑے اور اس کی موت ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے گاندھی اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ تلنگانہ کے بیشتراضلاع میں غیر موسمی بارشو ںکا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب فصلوں کو بھاری نقصان ہورہا ہے۔ غیر موسمی بارش کے باعث گرمی سے عوام کو راحت ملی لیکن دھوپ کی شدت میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی ۔ محکمہ موسمیات مطابق تلنگانہ کے بیشتر شمالی اضلاع کے علاوہ حیدرآبادو سکندرآباد میں آئندہ 5یوم کے دوران بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلا ع کے کلکٹرس کو چوکسی اختیار کرنے اور نقصانات کا تخمینہ کرکے رپورٹ حکومت کوروانہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہے۔ 26 اپریل کی صبح بھی شہر کے نواحی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور شمس آباد‘ میڑچل ،ملکا جگری‘ شاد نگر‘ کوکٹ پلی ‘ کے علاوہ مادھاپور ‘ میاں پور اور دیگر علاقوں میں بھاری بارش ریکارڈ کی گئی۔ تیز ہواؤں کے ساتھ جاری بارش کے باوجود کسی بھی طرح کے کسی بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن فصلوں بالخصوص آم کی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔بارش کی وجہ سے دونوں شہروں کے بعض اہم مقامات پر ٹریفک جام کی بھی اطلاعات ہیں۔ م