شہر میں بارش کے پیش نظر بلدیہ چوکس ہوجائے

   

Ferty9 Clinic

پردیش کانگریس ترجمان نظام الدین کی حکام سے اپیل
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ دو دنوں میں شہر میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کو دیکھتے ہوئے چوکسی اختیار کریں۔ نظام الدین نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کو شہر کی سڑکوں پر گڑھوں کو روکنے اور جگہ جگہ پانی جمع ہونے کے سلسلہ میں احتیاطی قدم اٹھائیں۔ بارش کے پیش نظر پانی جمع ہونے والے مقامات کی فہرست جاری کرنے کے بجائے میونسپل کارپوریشن کو ان علاقوں کی فہرست جاری کرنی چاہیئے جہاں پانی جمع ہونے اور ٹریفک جام کو روکنے میں کامیابی ملی ہے۔ نظام الدین نے الزام عائد کیا کہ معمولی بارش کے ساتھ ہی شہر کی سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مانسون کے آغاز سے قبل اپنے جائزہ اجلاسوں میں تمام تیاریوں کا دعویٰ کرتا ہے لیکن معمولی بارش کے ساتھ ہی میونسپل کارپوریشن کی تیاریوں کا پول کھل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے سبب سڑکوں کی تباہی اور جگہ جگہ ٹریفک جام ہونا روز کا معمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے تباہ شدہ سڑکوں کی درستگی کا کام انجام نہیں دیا گیا جبکہ کے ٹی آر نے وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے اعلان کیا تھا کہ شہر میں سڑکوں پر گڑھے بتانے والوں کو انعام دیا جائے گا۔ نظام الدین نے کہاکہ اب جبکہ مانسون جاری ہے لہذا میونسپل کارپوریشن کو ہنگامی طور پر اقدامات کرنے چاہیئے۔