شہر میں بارش ۔ تین دن جاری رہنے کا امکان

   

حیدرآباد۔3۔ ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر کے بیشتر علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں میں بارش سے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے علاوہ تیز بہاؤ کی شکایات ملیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں 5 ستمبر تک وقفہ وقفہ سے موسلادھار یا تیز بارش کے امکانات ہیں۔ 3ستمبر صبح کی اولین ساعتوں میں بارش کے بعد شہر بالخصوص مادھاپور‘ صنعت نگر‘ بالا نگر‘ کوکٹ پلی ‘ یوسف گوڑہ ‘ پنجہ گٹہ ‘ ایل بی نگر‘ لنگم پلی و دیگر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور بلدیہ کے ایمرجنسی عملہ کو کئی مقامات سے پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا۔ شہر کے جن علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ان میں کئی مقامات پر موٹرسیکلوں کے پانی میں بہہ جانے کے علاوہ گلی کوچوں میں تیز پانی کے بہاؤ سے عوام کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ خانگی ماہرین کے مطابق ریاست کے کئی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ تین یوم شہر علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔ نواحی علاقوں راجندر نگر‘ شمس آباد‘ اپل‘ گھٹکیسر‘ ملکاجگری‘ شاد نگر و دیگر مقامات پر بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں میںشہر کے کئی علاقوں میں بارش کے امکانات کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔