شہر میں برطانوی وائرس کی موجودگی باعث تشویش

   

93 کے منجملہ 13 ٹسٹ میں انکشاف، دوسری لہر سے نمٹنے حکام چوکس
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا وائرس کے علاوہ برطانوی وائرس کے کیسس میں اضافہ محکمہ صحت کے علاوہ عوام کیلئے تشویش کا باعث بن چکا ہے ۔ حیدرآباد کے ایک خانگی لیاب میں کئے گئے 93 کورونا ٹسٹ میں 13 برطانوی وائرس سے متعلق کیسس پائے گئے ۔ یو کے وائرینٹ کو کورونا سے زیادہ مہلک تصور کیا جاتا ہے اور وہ کورونا سے زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق فروری میں کئے گئے 93 سیمپل ٹسٹ میں 13 کا یو کے وائرینٹ سے تعلق پایا جانا حکام کے لئے مزید چوکسی کا باعث بن چکا ہے ۔ ان میں سے 7 افراد ایسے ہیں جنہوں نے بیرونی ملک کا سفر کیا تھا، انہیں ہندوستان میں کسی شخص سے یہ وائرس نہیں پھیلا بلکہ بیرونی دورہ کے موقع پر متاثر ہوئے تھے۔ 4 افراد حال ہی میں دبئی سے واپس ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹرا سے واپس ہونے والے ایک شخص میں یو کے وائرینٹ کی علامت پائی گئیں۔ نیتی آیوگ کے رکن وی کے پال نے بتایا کہ گزشتہ ماہ مہاراشٹرا ، کیرالا اور تلنگانہ میں برطانوی وائرس کے معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ سنٹر فار سیلولر ان مالیکیولر بیالوجی نے تلنگانہ میں N440K وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔