شہر میں برقی ٹرانسفارمرس کی محفوظ انداز میں تنصیب کا آغاز

   

برقی پول پر زمین سے 10 فٹ بلندی پر نصب کرنے مشرف فاروقی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے برقی ٹرانسفارمرس کے حادثات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے ایک منفرد طریقہ کار طئے کیا ہے جس کے تحت برقی ٹرانسفارمرس مکانات کے قریب رہنے کے بجائے برقی پول پر حفاظتی انتظام کے ساتھ نصب کئے جائیں گے ۔ خاص طور پر بارش کے موسم میں برقی ٹرانسفارمرس میں شاٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ ان واقعات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے کمپنی نے شہر میں ٹرانسفارمرس کو محفوظ طریقہ سے برقی پولس پر نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عام طور پر برقی ٹرانسفارمرس سڑک کے کنارے نصب کئے گئے ہیں اور وہ زمین کی سطح پر ہیں جس کے نتیجہ میں نہ صرف پیدل راہگیروں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ٹرانسفارمرس کے اطراف کچرا اور پلاسٹک پھینکا جارہا ہے جو ٹرانسفارمرس کیلئے نقصاندہ ہے۔ بعض مقامات پر شاٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ ان مسائل سے نمٹنے کیلئے سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے برقی پول پر محفوظ طریقہ سے ٹرانسفارمرس نصب کرنے کا طریقہ ایجاد کیا ہے ۔ اس نئے طریقہ کار کے تحت برقی پول پر تقریباً 10 فٹ بلندی پر ٹرانسفارمرس کا پلیٹ فارم تیار کیا گیا ہے جس پر ٹرانسفارمر رکھا جائے گا۔ اس سے نہ صرف ٹرانسفارمرس کی حفاظت ہوگی بلکہ پیدل راہگیروں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی نے نئے ماڈل ٹرانسفارمرس کی تنصیب کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار سے ٹرانسفارمرس کے اطراف کچرا ڈالنے سے روکا جاسکتا ہے۔ زمین کی سطح سے 10 فٹ بلندی پر موجود ٹرانسفارمرس ہر اعتبار سے محفوظ رہے گا۔ مشرف فاروقی کے مطابق نئے طریقہ کار سے ٹرانسفارمرس کے حادثات کو روکنے میں مدد ملے گی۔ عنبرپیٹ پولیس لائین علاقہ میں تجرباتی طور پر نئے ٹرانسفارمرس نصب کئے گئے ہیں۔مشرف فاروقی نے عہدیداروں سے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں محفوظ طریقہ سے ٹرانسفارمرس کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جائے۔شہر کے تمام نئے ٹرانسفارمرس اسی انداز میں نصب کئے جائیں گے ۔ دورہ کے موقع پر کمپنی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر نرسمہلو، چیف انجنیئرمیٹرو پربھاکراور سپرنٹنڈنگ انجنیئر وینکنا موجود تھے۔1