شہر میں برقی کھمبے اوراسٹریٹ لائیٹس میں اضافہ

   

کے ٹی آر کی ہدایت پر کاموں کا آغاز ، خواتین کی حفاظت کو ترجیح
حیدرآباد /5 جنوری ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ شہری حدود میں 1,260 تاریک مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں مناسب اسٹریٹ لائیٹس نہ ہونے کے سبب اندھیرا ہے ۔ چنانچہ جی ایچ ایم سی نے مختلف مقامات پر 3,500 نئے برقی پولس اور 9,500 اسٹریٹ لائیٹس نصب کرنے کی تجویز رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ اس ہفتہ مزید 100 مقامات شامل کئے جائیں گے ‘‘ ۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ شمس آباد میں ایک وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کے بعد وزیر بلدی نظم و نسق اور وہ شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے شہر کے مختلف مقامات پر اضافی اسٹریٹ لائیٹس نصب کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ جس کی بنیاد پر ان مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ ’’ جی ایچ ایم سی کمشنر کو درکار بجٹ فراہم کئے جانے کے بعد ان کاموں کے آغاز کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا اور زونل سطح پر کام کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ اندرون چھ ماہ ان کاموں کی تکمیل ہوجائے گی ‘‘ ۔ جی ایچ ایم سی ریکارڈ کے مطابق شہر کی آئی ٹی راہداری کے بشمول کاویری ہلز ، خواجہ گوڑہ چوراستہ تا او آر آر ، گوپن پلی تا گولی ڈوڈی مین روڈ ایم آئی جی کالونی ، بی ایچ ای ایل ، مسجد بنڈہ روڈ ، مالکم چیرو ، وینکٹیشورا کالونی ، بنجارہ ہلز ، راعتو بازار ، حڈا پارک ایل بی نگر ، بی بلاکس کوارٹرس ملک پیٹ ، چنچل گوڑہ ، ملک پیٹ پریم نگر بی بلاکس جیسے چند محلہ جات کی انتہائی تاریک مقامات کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں وجئے نگر کالونی مانصاحب ٹینک ، ناقص روشنی والا علاقہ قرار دیا گیا ہے ۔ اطراف کے علاقہ میں اسٹریٹ لائیٹس کی دیکھ بھال بالخصوص خواتین کے تحفظ کیلئے نمایاں اہمیت کی حامل ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں فی الحال 4.53 لاکھ اسٹریٹ لائیٹس ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’ محکمہ برقی کی طرف سے تیار کردہ کھمبے نصب کئے جائیں گے جن پر انرجی ایفیشنسی سرویس ( ای ای ایس ایل ) کی طرف سے تیار کردہ نئی اسٹریٹ لائیٹس لگائی جائیں گی ۔