شہر میں بستی دواخانوں کیلئے ڈاکٹرس ، نرسیس ، طبی عملہ کے تقررات میں تیزی

   

۔ 11 مارچ سے قطعی فہرست کی ویب سائیٹس پر پیشکشی ، درخواست گزاروں میں مسابقت

٭ 152 جائیدادوں کیلئے 3,970 درخواستیں

حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) میں قائم کئے جانے والے بستی دواخانوں کیلئے میڈیکل اسٹاف بشمول ڈاکٹرس، نرسیس و دیگر نیم طبی عملہ کے تقررات کے عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر وینکٹ نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مذکورہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے درخواستوں کی وصولی اور جانچ کا عمل مکمل کرلیا گیا اور کل 2 مارچ کو پرویژنل ویریفکیشن (عبوری جانچ) کرنے 7مارچ کو صداقت ناموں (سرٹیفکیٹس) کی جانچ کی جائے گی۔ ڈاکٹر وینکٹ نے بتایا کہ 11 مارچ کو شام میں ڈاکٹروں کے انتخاب سے متعلق قطعی سلیکشن لسٹ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد کی ویب سائٹ پر پیش کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں نئے بستی دواخانوں میں خدمات انجام دینے ڈاکٹر کی جائیدادوں کیلئے درخواست گزار امیدواروں میں کافی مسابقت ہے۔ اسی طرح ان نئے بستی دواخانوں کیلئے 152 جائیدادوں کیلئے جملہ 3,970 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد نے بتایا کہ فی الوقت جملہ 94 نئے بستی دواخانوں کیلئے جملہ 94 ڈاکٹروں کی جائیدادوں کیلئے 492 امیدوار ہیں اور 58 اسٹاف نرس جائیدادوں کیلئے جملہ 3,479 امیدوار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان نئے بستی دواخانوں کیلئے عمل میں لائے جانے والے تقررات میں کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ تقررات کا عمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے۔ اس کے باوجود بعض درمیانی افراد غرض مند امیدواروں کو تقررات کروانے کا تیقن دیتے ہوئے بھاری رقومات حاصل کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔ انہوں نے جھانسہ میں نہ آنے کا مشورہ دیا۔