جی ایچ ایم سی کا منصوبہ ۔ ہر سرکل میں دو مقامات کی نشاندہی
حیدرآباد 18 جون ( سیاست نیوز )شہر میں بہت جلد زیر زمین کچرا نکاسی کا نظام متعارف کروایا جانے والا ہے تاکہ کچرے سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر سرکل میں دو انڈر گراونڈ گاربیج بن سسٹم متعارف کروانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں زونل کمشنران اور ڈپٹی میونسپل کمشنران کو احکام جاری کردئے گئے ہیں کہ وہ ہر سرکل میں اس سسٹم کو متعارف کروانے دو مناسب مقامات کی نشاندہی کریں۔ فی الحال کچرے کے ڈبے یا بن عوامی مقامات پر رکھے گئے ہیں اور ان سے عوامی مقامات پر گندگی پھیل رہی ہے اور اطراف میں مزید مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شہریوں کو صحت کے مسائل بھی درپیش ہو رہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے گذشتہ سال ہی کچرے کی نکاسی کیلئے ڈبے زیر زمین نصب کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم اسے ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ جی ایچ ایم سی کا منصوبہ تھا کہ اس کو کارپوریٹ سماجی ذمہ داری مہم کے تحت شروع کیا جائے ۔ کمشنر بلدیہ دانا کشور نے جیڈی مٹل ہمیں اییک پلانٹ کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اب ہر سرکل میں دو مناسب مقامات کی تلاش کریں تاکہ وہاں یہ کچرے دان نصب کئے جاسکیں۔ شہر میںعوامی مقامات کو کچرے سے پاک کرنے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔
