شہر میں تاحال 262 غیر قانونی تعمیرات کا انہدام

   

حیڈرا کو 111.72 ایکڑ اراضی کی بازیابی میں کامیابی، مہم جاری

حیدرآباد۔11 ۔ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر میں ’حیڈرا‘ نے اپنے قیام سے اب تک جملہ 262 غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی کاروائی انجام دی اور جملہ 111.72 ایکڑ اراضی واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت قائم کئے گئے ’حیڈرا‘ نے 27 جون کو اپنے قیام کے بعد سے اب تک کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ 3 ماہ کے دوران ’حیڈرا‘ کی کاروائیوں کے دوران 262 عمارتوں کے انہدام کے ذریعہ ایف ٹی ایل ‘ بفر زون کے علاوہ سرکاری اراضیات کو واپس حاصل کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور اب تک جو کاروائیاں انجام دی گئی ہیں وہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں 23 مقامات پر کاروائی کی گئی ہے ۔کمشنر ’حیڈرا‘ اے وی رنگاناتھ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 27 جون کو فلم نگر سوسائیٹی پلاٹ نمبر 30پر غیر قانونی تعمیرات کے انہدام کے ذریعہ کاروائیوں کا آغاز ہوا ہے اور اب تک کی گئی کاروائیوں کے دوران ’حیڈرا‘ نے کئی تالابوں بالخصوص امین پور‘ ملکم چیروو‘ درگم چیروو ‘ کے علاوہ جیڈی میٹلہ اور دیگر کئی مقامات پر کاروائی کی ہے۔ کمشنر ’حیڈرا‘ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سنم چیروو کے ایف ٹی ایل اور بفر زون میں 42 غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیاگیا ہے جبکہ اپا چیروو امین پور میں 14 غیر قانونی عمارتوں کے انہدام کی کاروائی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کٹوا تالاب دندیگل کے ایف ٹی ایل اور بفر زون میں 13 غیر قانونی عمارتوں کے انہدام کی کاروائی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مانیما کالونی مشیر آباد میں نالہ پر موجود غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے قبضوں کو خالی کروایا گیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ’حیڈرا‘ کے لئے عہدیداروں کے تقررات کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اعلیٰ عہدیداراس شعبہ کے لئے مخصوص پولیس اسٹیشن کے قیام کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔3