حیدرآباد۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں ترکاریوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے ۔ ملک بھر میں مہنگائی میں ہونے والے اضافہ کے دوران ترکاریوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کی جانے والی کمی شہریوں کیلئے کسی نعمت سے کم ثابت نہیں ہورہی ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی دیگر اشیاء کے ساتھ ساتھ ترکاریوں کی قیمتو ںمیں بھی زبردست اضافہ ریکارڈکیا گیا تھا لیکن اب اس میں بتدریج کمی آنے لگی ہے۔ ترکاری کی قیمتوں میں اضافہ کے سلسلہ میں دریافت کرنے پر اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ پڑوسی اضلاع سے شہر لائی جانے والی ترکاریوں کیلئے 4 گھنٹے کی لاک ڈاؤن میں رعایت کے سبب ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل نہیں ہورہی تھی جس کی وجہ سے رعیتو بازاروں میں بھی ترکاریوں کی قلت ریکارڈ کی جا رہی تھی جس کی وجہ سے شہریوں کو مہنگی قیمتوں میں ترکاری خریدنی پڑرہی تھی لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میںبتدریج رعایت میں اضافہ کا فیصلہ کرنے کے بعد اب ترکاریوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جا نے لگی ہے۔ دونوں شہروں میں موجود رعیتو بازار فلک نما‘ مہدی پٹنم کے علاوہ ترکاریوں کی منڈی میں بھی ترکاری کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دنوں میں میں ترکاری کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ حیدرآباد میں جن اضلاع و مضافاتی علاقوں سے ترکاریاں پہنچتی ہیں ان میں ضلع محبوب نگر‘ جڑچرلہ ‘ میدک‘ رنگاریڈی ‘ وقارآبادکے علاوہ پڑوسی ریاست کے بعض اضلاع بھی شامل ہیں جہاں سے ترکاریاں شہر حیدرآباد لائی جاتی ہیں اور مختلف بازاروں میں فروخت کرنے کے علاوہ رعیتو بازاروں میں فروخت ہوتی ہیں۔