حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے عین مطابق آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ چہارشنبہ کے روز بھی شہر کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارش سے شہری انتظامیہ کی کارکردگی سوالوں کے گھیرے میں آگئی ہے۔ بارش کی وجہ سے جہاں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا وہیں سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئی تھیں۔ چند گھنٹوں کی بارش نے برا حال کردیا اور پھر ایک مرتبہ شہری انتظامیہ بالخصوص بلدیہ گریٹر حیدرآباد کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔شہر میں شدید بارش کی وجہ سے بعض مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات ہیں۔دبیر پورہ کے علاقہ بالسٹی کھیت کے پلے گراؤنڈ میں ایک درخت گرپڑا۔ کسی جانی کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم مقامی عوام تشویش کا شکار ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔ دونوں شہروں میں آج کا درجہ حرارت اعظم ترین 32 ڈگری اور اقل ترین22 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں معمول کے مطابق سرگرم ہے ۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں تلنگانہ کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔