حیدرآباد : شہر میں گزشتہ دو سالوںکے مقابل جاریہ سال جون تک مہلک سڑک حادثات میں 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اڈیشنل کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار نے بتایا کہ دونوں شہروں میں سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں سال 2019 میں 60 بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں سڑک حادثات میں کمی ہوئی ہے۔ سال 2018 جون تک 150مہلک سڑک حادثات پیش آئے تھے جب کہ 2019 جون تک 137 اور2020 تک 106 مہلک حادثات ریکارڈ کئے گئے ہیں جس میں 90 حادثات تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے سبب ہوئے ۔انیل کمار نے کہا کہ مذکورہ ریکارڈ سے یہ معلوم ہوتا ہیکہ 2020 جون تک 23 فیصد مہلک سڑک حادثات میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال جون تک ٹریفک قوانین بالخصوص ہیلمٹ نہ پہننے پر 22 لاکھ 26 ہزار625 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔