شہر میں جرائم کے واقعات میں اضافہ سے خوف کا ماحول

   

Ferty9 Clinic

پولیس نوجوانوں میں شعور بیدار کرے، یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو کا بیان

حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے سائبرکرائم پولیس کی جانب سے یوتھ کانگریس کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر یوتھ کانگریس کو نشانہ بنارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہا کہ لاپتہ ہونے کے واقعات میں اضافہ کے سبب حیدرآباد میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں آئی ٹی کمپنیوں میں ملازمت کرتے ہیں اور ان کے سرپرست تحفظ کو لے کر پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خوف و دہشت کے اس ماحول سے نکالنے کیلئے پولیس کو چوکسی اختیار کرنی ہوگی۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ قتل و غارت گری کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں قتل کے واقعات روز کے معمول کی طرح بن چکے ہیں جبکہ سابق میں برسر عام حملہ یا قتل کرنے سے اشرار خوفزدہ رہتے تھے غیر سماجی عناصر پر پولیس کا خوف طاری تھا۔ بہتر پولیسنگ کے نتیجہ میں جرائم کی شرح پر قابو پایا گیا تھا۔ لیکن تلنگانہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو اس جانب فوری توجہ دینی ہوگی تاکہ عوام میں اعتماد بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے پولیس سے سوال کیا کہ حیدرآباد کے روایتی امن و ہم آہنگی کا تحفظ کس طرح کیا جاسکتا ہے جبکہ جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ پولیس کے نرم رویہ اور لاء اینڈ کے بجائے دیگر اُمور میں دلچسپی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ ہر دو دن میں شہر کے کسی نہ کسی مقام پر برسر عام قتل یا قاتلانہ حملے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف سختی سے صورتحال سے نمٹے بلکہ نوجوانوں میں جرائم کے خلاف شعور بیدار کرے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کے نتیجہ میں نوجوانوں میں تشدد کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں شعور بیداری کے ذریعہ انہیں تشدد سے روکا جاسکتا ہے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ شہر میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے پولیس کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ اگر پولیس کے رویہ میں تبدیلی نہیں آئی تو صورتحال بے قابو ہوجائے گی۔