شہر میں جمعہ تک سردی کی لہر، ایلو الرٹ جاری

,

   

درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کی پیش قیاسی

حیدرآباد۔20۔ڈسمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں جمعہ تک سردی کی لہرجاری رہیگی اور درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی ۔ محکمہ موسمیات نے ایلو الرٹ جاری کیا ہے جبکہ درجہ حرارت11اور15ڈگری کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔شہر اور مضافات میں شام سے ہی سرد ہوائیں محسوس کی جار ہی ہیں اور صبح کی اولین ساعتوں میں اوس گرنے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ دن میں مختلف موسموں یعنی موسم میں اتار چڑھاؤکے سبب شہریوں پر اس کے منفی اثرات ہوسکتے ہیں ۔ شہر میں گذشتہ دو یوم سے رات کے اوقات میں سردی کی لہر دیکھی جا رہی تھی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ہوگی۔ ماہر اطباء نے سردی کی لہر کے دوران خواتین اور بچوں کو خصوصی خیال رکھنے کا مشورہ د یا ہے۔ انہیں سانس لینے میں تکلیف کے علاوہ سردی‘ نزلہ اور بخار جیسی علامات ظاہر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے انہیں اس موسم کے دوران سخت احتیاط برتنے کی ضرور ت ہے۔
ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت10.7ڈگری درج
حیدرآباد20 دسمبر(یواین آئی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتہ تک تلنگانہ میں موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔اپنی رپورٹ میں محکمہ نے کہا کہ آئندہ دودنوں کے دوران موسم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوگی۔اقل ترین درجہ حرارت 10.7ڈگری سلسیس ضلع عادل آباد میں درج کیاگیا۔ضلع میدک، ریاست کا دوسراسرد ترین ضلع رہا جہاں پر اقل ترین درجہ حرارت 12.6ڈگری سلسیس پیر اور منگل کی نصف شب کو درج کیاگیا۔